مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے : گوٹیرس

, ,

   

قاہرہ ۔ 2اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے مسلمانوں کے حلاف بڑھتی ہوئی نفرت پر اظہار تشویش کیا اور انتباہ دیا کہ ایسا کرنا عالمی سطح پر نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے 15 روز قبل نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں یہ بات کہی جہاں 50 افراد کوایک جنونی آسٹریلیائی حملہ آور نے فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا ۔ مصر کی عظیم ترین جامعہ الازہر میں ایک خطاب کے دوران گوٹیرس نے کہا کہ ساری دنیا میں ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے ۔ یہی نہیں بلکہ مسلمانوں کے مدارس کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے اور دنیا بیرون ملک کے لوگوں سے نفرت کرنے کے جذبہ سے ’’سرشار‘‘ نظر آتی ہے ۔ مذہبی منافرت کے علاوہ نسلی منافرت بھی اس وقت عروج پر ہے جس کا ختم ہونا ضروری ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے پٹس برگ میں 2018ء میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملہ اور گذشتہ ماہ 15مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر حملے کا تذکرہ بھی کیا ۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز گوٹیرس نے تیونس میں عرب لیگ کانفرنس میں شرکت کی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سلامتی کونسل میں اقوام متحدہ کو متعدد مسائل کی یکسوئی درکار ہے جس کیلئے دنیا کے ایسے ممالک جو ویٹو کے حامل ہیں انہیں بھی تعاون کرنے کی ضرورت ہے ۔یاد رہے کہ گوٹیرس اس وقت مصر کے دو روزہ دورہ پر ہیں ۔ جامعہ الازہر کے دورہ کے بعد موصوف مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے ۔