مسلم بندھو اسکیم عمل میں لائی جائے

   

سابق ڈپٹی سرپنچ کوڑنگل ایس ایم غوثن کا حکومت سے مطالبہ

کوڑنگل ۔ سابق ڈپٹی سرپنچ کوڑنگل مسٹر سلطان محی الدین غوثن وجودی نے گذشتہ روز پانچ بجے شام اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انکشاف کیا کہ کے چندرا شیکھر راؤ وزیر اعلی حکومت تلنگانہ نے دلت طبقہ کی زندگیوں کو روشنی سے مزین کرنے کیلئے دلت بندھو اسکیم کو ریاست میں لاگو کر رہے ہیں ۔ مسٹر غوث نے وزیر اعلی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دلت بندھو اسکیم کی طرز پر مسلم بندھو اسکیم بھی عمل میں لائیں ۔ ریاست تلنگانہ میں مسلم برادری بھی بچھڑے ہوئے طبقات کی طرح زندگی گذار رہے ہیں۔ ان کی زندگیوں کو بھی روشنی سے معمور کرنے کیلئے مسلم بندھو اسکیم عمل میں لائی جائے جو وقت کا تقاضہ ہے ۔ پچھلے حکمرانوں نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بنک کی طرح سیاسی اغراض کیلئے استعمال کیا ۔ ان کی معاشت کے سدھار پر توجہ نہیں دی گئی ۔ لہذا موجودہ طور پر دلت بندھو اسکیم کی طرح مسلم بندھو اسکیم کی عمل آوری از حد ضروری ہے ۔ اجلاس میں موجود اہم شرکا میں مسرز حافظ محمد عبدالکریم اشرفی امام مکہ مسجد ، اعجاز احمد ، محمد قاسم ، تاجر پارچہ ، رحمت خان، عبداللہ خان اجمیر ، عبدالقادر عرف عبدل ، سلمان ، ذاکر و دیگر قابل ذکر ہیں ۔