مسلم نعشوں کی ملت فنڈ کے ذریعے تدفین

   

حیدرآباد : /10 اگست (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو پولیس اسٹیشن بنجارہ ہلز کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی اس کے علاوہ دیگر 11 درخواستیں مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں جملہ 12 مسلم نعشوں کو عثمانیہ دواخانہ سے حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سید انعام الحق قادری امام و خطیب جامع مسجد افضل گنج نے پڑھائی ۔ کنگ کوٹھی کے ساکن ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر رضوان بیگ صاحب نے اس موقع پر بتایا کہ دوران ملازمت جب کبھی مسلم نعش دستیاب ہوتی تو ایک پریشانی کا سامناہوتا کہ اس کا کیا کیا جائے ۔ ادارہ سیاست کے ایڈیٹر جناب زاہد علی خاں نے پولیس کمشنر سے اجازت حاصل کرکے ایک بڑے مسئلہ کو حل کردیا ۔ اس طرح جب بھی لاوارث مسلم میت ملتی تو پولیس آپ سے رجوع ہوتی ۔ محترمہ بشریٰ تبسم صاحبہ ، سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس میرچوک محمد نعیم الدین نے مغفرت کی دعا کی اور ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعا کی کہ اللہ پاک ان کو دنیا اور آخرت میں اجر عظیم عطا فرمائے ۔ آمین ۔