مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت مختلف ملی تنظیموں کی مسلمانوں سے اپیل

,

   

اشتعال دلانے والوں سے محتاط رہیں‘برادران وطن کے ساتھ قیام امن کو یقینی بنائیں

نئی دہلی: فرقہ وارانہ تشدد کے حالیہ واقعات کے تناظر میں ملی تنظیموں نے آئندہ ہفتہ عید سے قبل مسلمانوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے چیئرمین، جمعیہ علماء ہند اور دیگر 14 اداروں کے دستخط شدہ ایک کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ ’’تمام مسلمان عیدگاہ جاتے ہوئے اور گھر واپسی کے وقت بھی پْرامن رہیں اور کسی ایسے شخص کا شکار نہ نہیں جو انہیں اشتعال دلانے کی کوشش کرے۔‘‘خط میں کہا گیا، ’’مذہبی تہوار آپسی بھائی چارے، پیار و محبت اور یگانگت کو پروان چڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں مگر شر پسند عناصر ان تہواروں کو اپنے سیاسی مفادات اور نفرت کے کاروبار کو بڑھانے کے لئے استعمال کرنے لگے ہیں۔ کل رمضان کا آخری جمعہ ہے۔ اس دن مسلمان نہایت اہتمام کے ساتھ عبادت کرتے ہیں۔’’خط میں مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ عید الفطر کو اپنے ہم وطن لوگوں کے ساتھ مشترکہ طور پر منانی چاہئے، جس سے یہ سبھی کے لئے امن اور خوش گوار تعلقات قائم کرنے کا موقع بن سکے۔ اپنی بستیوں اور محلوں میں امن کمیٹیوں کے ساتھ اور برادران وطن کے ساتھ میٹنگیں کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی شرپسند عناصر کو شر پھیلانے کا کوئی موقع نہ ملے، اگر کوئی ایسا کرتاہے تو سب مل کر اس کے خلاف انتظامیہ سے شکایت کریں۔مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھی ایک نشست کریں اور اس میں اس بات کا تیقن حاصل کرنے کی کوشش کریں کہ کسی بھی صورت میں لا اینڈ آرڈر کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ ریاستی، ضلعی اور مقامی سطح پر دیگر مذاہب کی نمائندہ شخصیات سے ملاقات کریں، ان سے بھی اپیل جاری کروائی جائے کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا کسی شرپسند گروہ کے دباؤ میں آکر لوگ ایسا کام نہ کریں جو ملک کی فضا کو مکدر کرنے والا ہو۔کوشش کریں کہ برادران وطن کی اہم شخصیات اور حق پسند صحافی وغیرہ عید گاہوں کے باہر موجود رہیں، جہاں ممکن ہو وہاں سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی انتظام کیا جائے۔خطبہ عید میں بہت محتاط اور صاف زبان کا استعمال کریں، تاکہ آپ کی کسی بات کو بگاڑ کر پیش نہ کیا جاسکے۔
تمام ہی عید گاہ کمیٹیوں اور مساجد کمیٹیوں سے گزارش ہے کہ ان گزارشات پر عمل آوری کو یقینی بنانے کی کوشش کریں۔