مسیح الملک حکیم اجمل خاں : جنہوں نے طب یونانی کو بلندی بخشی ، یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی پیشکش 

,

   

حیدرآباد : حکیم اجمل خان کے آباء و اجداد جو خاندانی حکیم تھے ۔ مغل بادشاہ بابر کے زمانہ میں ہندوستان کا رخ کئے تھے ۔او ریہاں اپنی حکمت کے جوہر دکھانے شروع کئے ۔ او رجلد ہی شاہی دربار میں اپنی شناخت بنالی ۔ حکیم اجمل خان کے دادا حکیم شریف خان مغل بادشاہ شاہ عالم کے حکیم خاص تھے او رانہیں سلطنت مغلیہ میں بڑی اہمیت حاصل تھی ۔ اسی دور میں شریف خان کی نگرانی میں ’’ تنزل ‘‘ منزل تعمیر کروائی جو بعد میں ایک اسپتال میں تبدیل ہوگئی ۔اور یہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا رہا ۔ حکیم اجمل خان کی پیدائش ۱۱؍ فروری ۱۸۶۸ء میں ہوئی ۔ ان کی ابتدائی تعلیم عربی و فارسی زبان میں ہوئی اور دادا کی نگرانی میں حکمت کے اصول سیکھتے رہے۔

ان کے دادا حکیم شریف خان کی خواہش تھی کہ حکیمی کا فائدہ عام لوگو ں تک پہنچے ۔ اور ان کے اس خواب کو ان کے پوتے حکیم اجمل خاں نے پورا کیا۔ کہا جاتا تھا کہ حکیم اجمل خاں کے ہاتھ میں جادو تھا ۔ وہ مریض کے چہرے کو دیکھ کر اس کی بیماری جان لیتے تھے ۔او رایسی دوا تشخیص کرتے تھے کہ مریض جلد صحت یاب ہوجا کرتے ۔انہیں رام پور کے نواب کا خاص حکیم مقرر کیاگیا تھا ۔

انہوں نے طب یونانی کے فروغ کیلئے کئی دواخانے تعمیر کروائے جن میں سنٹرل کالج ، ہندوستانی دواخانہ او ریونانی طبیبہ کالج بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ حکیم اجمل خاں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے قیام کیلئے بھی جد و جہد کی تھی ۔ حکیم اجمل خاں ایک ایسے باشعور مفکر قوم تھے جن کے ہر ایک قدم سے قوم فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ حکمت کے اس فن سے انہوں نے دولت بھی کمائی او رخدمت خلق بھی کی ۔ حکیم صاحب چونکہ قوم کے مفکر بھی تھے اور ان دنوں ملک میں سیاسی حالات پیچیدہ ہوگئے تھے وقت کے حالا ت کے پیش نظر انہوں سیاست میں حصہ لیا او رکانگریس پارٹی کے صدر منتخب ہوئے ۔ آپ ہندو مسلم میں یکساں مقبول تھے ۔

حکیم اجمل خان نے اپنی پوری زندگی خدمت خلق میں گذار دی جس کی وجہ انہیں کئی خطابات عطا کئے گئے ۔ ان میں ایک خطاب ’’ مسیح الملک ‘‘ بہت مشہور ہوا۔ انہو ں نے علم طب میں اپنے چار ہزار سے زائد شاگردوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے چھوڑا ۔ حکیم اجمل خان کو کتب بینی کے ساتھ شعر و شاعری سے بھی کافی لگاؤ تھا ۔ مسیح الملک حکیم اجمل خاں کے وصال کو ۹۱؍ سال مکمل ہوگئے ہیں او رآج بھی قوم ان کے فیضان سے مستفید ہورہی ہے ۔