31 مئی کو فائنل مقابلہ ،40میں 12 حسینائیں شارٹ لسٹ، 120 ممالک میں لائیوٹیلی کاسٹ
حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) مس ورلڈ 2025ء فینالے کی اُلٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی 40 خوبصورت حسینائیں مس ورلڈ کے تاج کیلئے مدمقابل ہوں گی۔ حیدرآباد کے ہائی ٹیکس میں نئے تعمیر شدہ چوتھے ہال میں 31 مئی کو فائنل مقابلوں کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ سائبر پولیس، محکمہ ٹریفک، محکمہ سیاحت اور منتظمین نے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ فینالے میں 3,500 افراد شرکت کریں گے جبکہ عالمی مقابلہ حسن کا راست ٹیلی کاسٹ لگ بھگ 120 ممالک میں کیا جائے گا۔ 30 اور 31 مئی کی صبح میں فینالے کا ریہرسل ہوگا۔ پروگرام کے دوران تلنگانہ کے سیاحتی مراکز کے تعلق سے تقریباً ایک گھنٹے تک روشنی ڈالی جائے گی۔ ریاستی محکمہ سیاحت کے پرنسپل سیکریٹری جیش رنجن نے بتایا کہ پولیس کی سخت سکیورٹی میں فائنل مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ ہائی ٹیکس میں ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اور یہ مقابلہ شام 6:30 بجے سے 9:20بجے تک جاری رہے گا جس میں بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کی شخصیتوں ، صنعت کاروں، سیاست دانوں، عہدیداروں کے ساتھ ساتھ ایک ہزار عام لوگوں کو بھی شرکت کرنے کا موقع دیا جارہا ہے۔اب تک اسپورٹس چیانل میں ایک، ٹیالنٹ چیلنج میں ایک ، ہیڈ ٹو ہیڈ چیلنج میں 4، ٹاپ ماڈل مقابلے میں 4 ، بیوٹی وِتھ اے پرپز زمرہ میں 4، جملہ 14 ونرس تیز رفتاری سے کوارٹر فائنلس میں پہنچ چکی ہیں۔ منتظمین نے کہا کہ بقیہ 26 کا انتخاب امریکہ، کیربین، افریقہ، یوروپ اور ایشیا اوشیانا براعظم کے ججس کریں گے۔ انڈونیشیا میں ویلس کی حسینائیں دو مقابلوں میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس لحاظ سے ٹاپ 40 میں ابھی تک 12 برتھ کا انتخاب ہوگیا ہے۔ مزید 28 حسیناؤں کا انتخاب کرنا باقی ہے۔ ہر براعظم سے 10 حسیناؤں کا ٹاپ۔40 میں سے انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد کے راؤنڈ میں ان میں سے ٹاپ۔20 کا انتخاب کیا جائے گا جس میں سے ہر براعظم سے 5 حسینائیں شامل ہوں گی۔ فائنل سے پہلے ٹاپ 8 یعنی ہر براعظم سے 2 حسیناؤں کو منتخب کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہر براعظم سے صرف ایک یعنی 4 حسینائیں مس ورلڈ 2025ء کے تاج کے دعویدار رہ جائیں گے۔ ان میں سے ایک حسینہ کامیاب ہوگی اور باقی 3 حسینائیں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ رنراَپ ہوں گی۔ 2