حیدرآباد11مئی(یواین آئی) مس ورلڈ 2024 کے عالمی مقابلہ میں حصہ لینے والی حسینائیں 12 مئی کو تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں واقع تاریخی مقام ناگرجنا ساگر اور وہاں قائم بدھا ونم پارک کا دورہ کریں گی۔ اس روحانی سفر کا مقصد ہندوستان کی عظیم تہذیبی و فکری وراثت سے عالمی برادری کو روشناس کروانا ہے ۔‘بدھا ونم’ ایک وسیع و عریض بدھ مت تھیم پارک ہے جو دریائے کرشنا کے کنارے ناگرجناساگر میں واقع ہے ۔ یہاں گوتم بدھ کی حیات، ان کی تعلیمات اور بدھ مت کی عالمی توسیع کو فنِ تعمیر، مجسمہ سازی اور دستاویزی معلومات کے ذریعہ پیش کیا گیا ۔ پارک میں اشوک چکر، جٹک کتھائیں، مہاتما بدھ کے مختلف زندگی کے مراحل اور دنیا بھر کے بدھ مت مراکز کے ماڈلس شامل ہیں ۔اس دورہ کے ذریعہ مس ورلڈ کے امیدوار نہ صرف بدھ مت کی امن و آشتی کی تعلیمات سے متاثر ہونگی بلکہ انہیں ہندوستان کے تہذیبی تنوع اور روحانی گہرائیوں کے مشاہدہ کا موقع ملے گا۔ یہ اقدام تلنگانہ کے سیاحت و ثقافت کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ دنیا کو ریاست کے روحانی، تاریخی و ثقافتی مقامات سے روشناس کروایا جا سکے ۔