مشرق وسطیٰ میں امریکی کُمک بین الاقوامی سلامتی کیلئے خطرہ: جواد ظریف

   

دبئی۔25مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں 1500 اضافی فوجیوں کو بھیجنے کا فیصلہ ’’بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ‘‘ ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز پاکستان کے دورے سے واپسی سے قبل ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایرنا‘‘ سے گفتگو میں کہی۔ ظریف نے کہا کہ ہمارے خطے میں امریکہ اداروں کی موجودگی بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے انتہائی خطرناک ہے اور اس کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ نے جمعے کے روز 1500 اضافی فوجیوں کو مشرق وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دینے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) نے جمعے کے روز بتایا کہ جس اضافی فورس کو مشرق وسطیٰ بھیجا جائے گا اس میں 900 نئے فوجی ہیں۔