مشکلات و حالات سے مقابلہ کیلئے کامیاب حکمت عملی ضروری

   

تعلیم کو ہتھیار بنائیں ، احکام الـہی پر عمل کی تلقین ، کاماریڈی عیدگاہ پر سابق وزیر محمد علی شبیر کا خطاب

کاماریڈی :23؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمان احکام الٰہی پر عمل پیرا ہونے والے بن جائیں اور اللہ تعالیٰ سے راست مانگیں تب ہی ہم دونوں جہاں میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے عیدگاہ قدیم کاماریڈی میں عیدالفطر سے قبل مسلمانوں کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہم جس تکلیف و مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ایسا دور کبھی نہیں آیا لیکن ہمیں ہمت ہارنی نہیں چاہئے ۔ ثابت قدمی سے آنے والے چیلنجس کا مقابلہ کرنا چاہئے تب ہی ہم فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناسکتے ہیں ۔ ہم اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم سے بھی آراستہ کریں ۔ مسلمانوں کے لئے اب تعلیم ہی ایک ہتھیار ہے جس کے ذریعہ ہم کسی بھی شعبہ میں اپنا لوہا منواسکتے ہیں ۔ موجودہ حکومت مسلمانوں کی تاریخ کے ساتھ ساتھ بابائے قوم مہا تما گاندھی کی خدمات کو بھی بھلانے کیلئے اپنے ناپاک عزائم کو روبہ عمل لانے کی سازش کر رہی ہے ۔ ملک کی آزادی میں علماء کرام کا بھی بڑا حصہ رہا ہے ۔ جبکہ آرایس ایس ، بی جے پی کا ایک کارکن بھی ملک کی آزادی میں حصہ نہیں لیا اور نہ شہید ہوا اس کے باوجود تاریخ کو تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ ہمیں دور اندیشی اور کامیاب حکمت عملی کے ذریعہ ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ضروری ہے ۔ مفتی ابو بکر جابر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے نیوایجوکیشن پالیسی پر سخت تنقید کی اور ہمیں اس تاریخ کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے مذہب کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اسکولس ، کالجس کے قیام پر زور دیا ۔امام و خطیب جامع مسجد مولانا اعجاز حسین نے خطبہ دیا اور امامت کی ۔ محمد فیاض نے کارروائی چلائی ۔ محمد علی شبیر سابق ریاستی وزیر ، گمپاگوردھن رکن اسمبلی ، ایم کے مجیب الدین صدرنشین اُردو اکیڈیمی و صدر اسٹیٹ میناریٹی سیل ، ضلع کلکٹر جتیش وی پاٹل ، ضلع ایس پی سرینواس ریڈی ، عبداللہ بن حسن الجہوشی ، محمد ضمیر الدین ، نٹو جھانوی ، ارکان بلدیہ مرزا حفیظ بیگ، محمد امجد ، محمد عمران لڈو، محمد نظیر الدین ، محمد سلیم ، محمد آصف ، نعیم حسن سینئر مجلسی قائد ، سید انور احمد ، محمد اسحاق شیرو ، قاضی ملک محمد طاہر ، مقصود احمد ایڈوکیٹ نے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی ۔