نئی دہلی :مشہور خاتون صحافی سجاتا آنندن کا دیہانت ہوگیا۔وہآخر وقت تک کام کرتی رہیں۔ گزشتہ کئی سال سے وہ نیشنل ہیرالڈ کی صلاح کار مدیر تھیں۔ اپنی موت سے چند گھنٹے پہلے چہارشنبہ کی دیر شب تک وہ کام کر رہی تھیں۔ گزشتہ شب تقریباً نو بجے ان کا میسج آیا تھا، جب انھوں نے فائنل رپورٹ بھیجی تھی۔ سجاتا زندگی کی چھ دہائی دیکھ چکی تھیں اور ساتویں دہائی میں قدم رکھنے والی تھیں۔ وہ نوی ممبئی میں اپنی بہن کے ساتھ رہا کرتی تھیں۔گزشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر وہ اسپتال میں داخل ہوئی تھیں لیکن وہاں سے بھی وہ لگاتار کام کرتی رہیں۔ وہ کسی بھی قسم کی کٹرپسندی کی سخت مخالف رہیں اور اس تعلق سے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہیں۔ انھوں نے گزشتہ دنوں ہی لکھا تھا کہ وہ ایک ہندو ہیں، لیکن وہ ایسے رام مندر میں کبھی پوجا نہیں کریں گی جس کی بنیاد میں خون ملا ہو۔ اطلاعات کے مطابق قلب پر حملہ کے باعث ان کادیہانت ہوا ہے۔