مصروف سڑکوں پر ٹریفک کے آسان بہاؤ میں مدد کیلئے سائبر آباد پولیس کی ٹریفک ٹاسک فورس ٹیمس کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سائبر آباد پولیس کی جانب سے سائبر آباد کے حدود میں مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت میں آسانی پیدا کرنے میں مدد کے لیے ٹریفک ٹاسک فورس ٹیمس کا آغاز کیا گیا ۔ سائبر آباد کمشنر ایم اسٹیفن رویندرا نے کل اس کی چھ ٹیموں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ سائبر آباد ٹریفک ٹاسک فورس سائبر آباد ڈی سی پی ( ٹریفک ) سرینواس راؤ کی راست نگرانی میں کام کرے گی اور سب انسپکٹر ان ٹیمس کے انچارج ہوں گے ۔ اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ ٹریفک ٹاسک فورس میں چھ ٹیمس ہیں اور ہر ٹیم موٹر سائیکلس کے ساتھ دو پولیس مین پر مشتمل ہے ۔ مصروف اوقات کے دوران یہ ٹیمس جہاں کہیں ٹریفک جام یا پانی جمع ہونے کی وجہ ٹریفک کے مسائل ہوں گے تو ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا کرنے خدمات انجام دیں گے ۔ وہ ٹریفک جام سے متعلق کالس پر بھی توجہ دیں گے ۔ انہیں ماڈیفائیڈ گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جس میں سائرن اور پبلک ایڈریس سسٹم لگا ہوا ہے ۔ پولیس مین کو کیمرے ، بریتھ انالائزرس ، گوگلس اور ایک وائر لیس کمیونیکیشن سیٹ اور ایل ای ڈی باٹن فراہم کئے گئے ہیں ۔ ٹریفک ٹاسک فورس کی اہم توجہ مادھا پور اور آئیکیا جنکشن کے درمیان کی سڑک ، درگم چیرو برج تا جوبلی ہلز روڈ نمبر 45 ، آئی ٹی سی کوہ نور اور اس کے قریب کی سڑکوں پر ہوگی ۔۔