بنگلورو۔ ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کی گول کیپر سویتا کا خیال ہے کہ ٹیم کے پاس 2022 کے مصروف حالات کو سنبھالنے کے لئے ایک مضبوط کورگروپ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی ترجیح اس ماہ ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سال کے آخر میں بڑے ٹورنامنٹس کے لیے بھی تیاری بہتر ہے۔ہندوستانی خواتین ٹیم اس ماہ مسقط، عمان میں ایشیا کپ سے سال کا آغازکرے گی۔ وہ دفاعی چمپئن ہیں اوراعلیٰ اعزازات کے لیے سات براعظمی ٹیموں چین، کوریا، جاپان، ملائیشیا، تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور سنگاپور کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ایشیا کپ دو پول فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں کراس اوورکلاسیفکیشن میچ ہوں گے۔ براعظمی ایونٹ ایف آئی ایچ ویمنز ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائنگ ٹورنمنٹ ہے جو اسپین اور نیدرلینڈز میں جولائی میں منعقد ہوگا۔مسقط میں ٹاپ فور میں آنے والی ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔2017 میں ہم نے لندن میں ایف ایچ آئی ویمنز ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے ایشیا کپ جیتا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ جیت ہمارے لیے پچھلے چار سالوں میں اپنی کارکردگی میں مستحکم ترقی قائم کرنے کے لیے ایک قدم تھا۔ ایشیا کپ میں اچھے مظاہروں کے ساتھ سیزن ہمیں صحیح رفتار فراہم کرے گا کیونکہ ہم یکے بعد دیگرے ٹورنمنٹس کھیلتے ہیں۔ سویتا نے کہا جو ٹیم کی نائب کپتان بھی ہیں۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمزجولائی میں مقرر ہیں اور دو ماہ بعد چین کے ہانگزو میں ایشین گیمز (2024 پیرس اولمپکس کوالیفکیشن ایونٹ) کے ساتھ بھی اہم مقابلوں میں شامل ہیں۔ سویتا نے اس ضمن میں کہا ہے کہ مصروف سیزن کے دوران کورگروپ کی طاقت کوکام میں آنا چاہیے۔ ہندوستان اسپین کے والنسیا میں دسمبر میں ایف آئی ایچ ویمنس نیشن کپ بھی کھیلے گا۔