مصری کی ایمانداری، 20 لاکھ ڈالرسے بھرا بیگ مالک کو لوٹا دیا

   

قاہرہ : مصری شہری نے 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور 3 لاکھ 50 ہزار ریال مالیت کے زیورا ت سے بھرا بیگ واپس کرکے سعودی فیملی کا دل جیت لیا۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق مصر میں بحر احمر صوبے کے گورنر نے بیگ واپس کرنے والے مصری ملازم کو اعزاز سے نوازا۔ تفصیلات کے مطابق بحراحمر ٹریفک کے عارضی ملازم کو 20 لاکھ ڈالر سے زیادہ کیش اور تین لاکھ 50 ہزار سعودی ریال مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ ملا تھا۔ وہ الغردقہ شہر کے کیفے ٹیریا میں ڈیوٹی پر تھا جہاں اسے مبینہ بیگ ملا تھا۔ مصری ملازم نے بتایا کہ جیسے ہی اس نے بیگ کے مالک کا پتہ لگانے کے لیے اسے کھولا۔ وہ یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا کہ اس میں بڑی تعداد میں ڈالر ہیں اور زیورات بھی ہیں۔ مصری کارکن فوری طور پر مقامی افسر کے پاس پہنچ گیا۔ تفتیش کے بعد پتہ چلا کہ بیگ ایک سعودی فیملی کا ہے۔