مصر میں مساجد کھولنے کا فیصلہ ،نئے قالین فراہم کرنے کا اعلان

   

قاہرہ۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مصری حکومت نے کرونا کی وبا کے اثرات میں کمی کیبعد آئندہ ہفتے سے مساجد کو عبادت کے لیے کھولنے پرغورشروع کیا ہے۔وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد مختار نے کہا کہ عید الفطر سے قبل وزیر اعظم ڈاکٹر مصطفیٰ مدبولی کے عید الفطر کی تعطیلات کے اعلان کی بنیاد پر وزارت اوقاف نے مساجد کو کھولنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت اوقاف نے مسجد عمرو ابن العاص اور جامع الاھر کی مرکزی مسجد، مسجد مفتاح العلیم اور مسجد سیدہ نفیسہ میں تراویح اور عید کی نمازوں کی اجازت دی گئی تھی۔مصری وزیر اوقاف نے آئندہ ہفتے کے روز ملک بھر کی مساجد کے لیے نئے قالین فراہم کرنے کا عمل تیز کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ تین لاکھ بیس ہزار میٹر قالین مساجد کے لیے تیار ہیں۔وزیر موصوف نے ہدایت کی کہ کرونا کرائسز مینجمنٹ کمیٹی کے منظور شدہ طریقہ کار کے تحت مساجد میں عبادت کو معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ساتھ ہی شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط برتنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مصری وزارت اوقاف نے چند روز قبل عید الفطر کی نماز کے لیے ہدایات جاری کی تھیں۔ عید کے موقعے پر ملک کی بڑی مساجد کو نماز کے لیے کھولا گیا تھا تاہم سیدہ نفیسہ مسجد اور بعض دوسری مساجد میں بیس سے زاید نمازیوں کو عید کی نماز کی اجازت نہیں دی گئی۔