مصر: ہسپتال میں آتشزدگی ، 7 کورونا مریض فوت

,

   

قاہرہ : مصر میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں آتشزدگی سے کورونا وائرس کے متاثرہ 7 مریض ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے پی’ کے مطابق مقامی پولیس نے کہا کہ آگ قاہرہ کے مضافاتی ضلع اوبور کے نجی ہسپتال میں لگی۔پولیس نے کہا کہ واقعے کے بعد زخمیوں اور دیگر مریضوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔فائرفائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا جبکہ پولیس اور پراسیکیوٹرز نے آتشزدگی کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔مصر کے سرکاری اخبار ‘الاحرام’ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کو قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ اسی طرح کا آگ لگنے کا واقعہ جون میں اسکندریہ شہر کے نجی ہسپتال کے کورونا وائرس وارڈ میں بھی پیش آیا تھا، جس سے 7 مریض ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔قبل ازیں مئی میں قاہرہ کے کورونا وائرس آئیسولیشن سینٹر میں بھی آگ لگی تھی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔خیال رہے کہ مصر میں ایک بار پھر وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس سے حکومت ایک بار پھر کورونا مریضوں کو آئیسولیٹ کرنے اور ان کے علاج کے لیے مختص ہسپتال دوبارہ کھولنے پر مجبور ہوگئی ہے۔