مصنوعی ذہانت کی ترقی عوامی مفاد پر ہو:مودی

   

نئی دہلی 18 جون (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جی-7 ممالک کے سامنے مصنوعی ذہانت(اے آئی) کے حوالے سے ہندستان کے انسانی ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی شمولیت، تحفظ اور عوامی مفاد کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے ۔ G-7 ممالک کی 52 ویں سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے فرانس کے دورے پر گئے مودی نے بدھ کی رات فرانس کے ایویان میں ’’مصنوعی ذہانت کے محفوظ، تیز اور موثر نفاذ کو یقینی بنانا‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آؤٹ ریچ سیشن سے خطاب کیا۔ مودی نے کہا کہ اے آئی ایک تبدیلی لانے والی طاقت ہے جس میں انسانی تہذیب کی سمت کو ازسرِ نو متعین کرنے کی صلاحیت موجود ہے ، لیکن اسے لوگوں کو بااختیار بنانے والا بھی ہونا چاہیے ۔ انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ اسی وسیع سوچ کے ساتھ ہندستان نے حال ہی میں ’اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کی میزبانی کی تھی۔ وزیر اعظم نے اے آئی کے لیے ہندستان کے انسانی ویژن کو اجاگر کیا، جو اس بات پر زور دیتا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی شمولیت، تحفظ اور عوامی مفاد کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہونی چاہیے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندستان نے ہمیشہ سائبر اسپیس کو ایک عالمی عوامی اثاثے کے طور پر دیکھا ہے۔