مظفر پور سیکس اسکینڈل پر بہار اسمبلی میں ہنگامہ

   

پٹنہ ۔20 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی کو بجٹ سیشن کے آج آخری روز دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردینا پڑا کیونکہ اپوزیشن آر جے ڈی ارکان نے کارروائی روکتے ہوئے چیف منسٹر نتیش کمار کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاجو مظفرپور سیکس اسکینڈل کے بارے میں ایک خصوصی پوکسو کورٹ کے حکمنامہ کے تناظر میں ہے ۔ ایوان کی کارروائی 11 بجے دن شروع ہوئی جس کے ساتھ ہی آر جے ڈی ایم ایل ایز نے اپنے ترجمان اعلیٰ بھائی ویریندر کی قیادت میں احتجاج شروع کیا اور مطالبہ کرنے لگے کہ نتیش کمار اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے 18 سوالات کی وضاحت کرے جو گزشتہ ہفتہ مظفرپور میں عدالتی حکمنامہ کے سلسلے میں اُٹھائے گئے ہیں۔ پوکسو عدالت نے اسکینڈل کے ایک ملزم کی داخل کردہ درخواست کو سی بی آئی سے رجوع کردیا تھا ۔ درخواست گذار نے 2013 ء سے 2018 ء تک شیلٹر ہوم کیلئے فنڈس کی اجرائی میں چیف منسٹر اور متعدد اعلیٰ بیورو کریٹس کے رول کی تحقیقات کرنے کی استدعا کی ہے ۔