نئی دہلی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج بہار کے مظفر پور شیلٹر ہوم سے تعلق رکھنے والی 44 کے منجملہ آٹھ لڑکیوں کو اپنے خاندانوں میں چلے جانے کی اجازت دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں تمام منظوریاں دیدی گئی ہیں۔ جسٹس این وی رمنا کی قیادت والی ایک بنچ نے حکومت بہار کو ہدایت دی کہ وہ ان آٹھ لڑکیوں کو ہر طرح کی معاشی اور طبی امداد فراہم کرے ۔ ریاستی حکومت کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسکیم کے تحت اس طرح کی متاثرین کو معاوضہ ادا کرے اور اس کی ایک رپورٹ عدالت میں پیش کرے ۔ اس بنچ میں جسٹس ایم ایم شانتانا گوڈر اور جسٹس اجئے رستوگی بھی شامل تھے ۔ بنچ نے ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائینسیس کو ہدایت دی کہ وہ شیلٹر ہوم میں مابقی لڑکیوں کی حالت کے تعلق سے ایک رپورٹ تیار کرے اور عدالت میں پیش کرے ۔ واضح رہے کہ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ نے ایک سربمہر لفافے میں سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرکے آٹھ لڑکیوں کی ان کے افراد خاندان کے حوالے کرنے کی سفارش کی تھی جسے عدالت نے قبول کرلیا ۔