معذورین کے رشتے طئے کرنے آج دو بہ دو ملاقات پروگرام

   

سنہرے موقع سے استفادہ کرنے والدین اور سرپرستوں سے خواہش،رجسٹریشن فری

حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) سیاست، ملت فنڈ اور آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار ڈیسیبلڈ ( آئی آئی سی ڈی ) کے تعاون و اشتراک سے معذرین ( گونگے، بہرے، نابینا، دیگر معذور ) لڑکے و لڑکیوں کیلئے رشتوں کا ایک انوکھا دو بہ دو ملاقات پروگرام اتوار 27 مارچ 2022 کو11 بجے دن آئی آئی سی ڈی دفتر ، روبرو مسلم میٹرنٹی اینڈ جنرل ہاسپٹل اعظم پورہ چادر گھاٹ میں منعقد ہوگا۔ پروگرام کی صدارت حافظ رشاد الدین چیرمین آئی آئی سی ڈی و ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد کریں گے جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘، جناب حامد محمد خان امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اوڈیشہ شرکت کریں گے۔ ان معذور لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے ضمن میں رجسٹریشن فیس نہیں رکھی گئی ہے۔ اس لئے والدین انپے ہمراہ لڑکا اور لڑکا کا بائیو ڈاٹا اور فوٹوز ( ایک سے زائد ) رکھیں تاکہ رجسٹریشن ہوسکے اور مشاورت کے لئے آسانی ہو۔ واضح رہے کہ معذور لڑکے و لڑکیوں کے والدین رشتوں کے ضمن میں پریشان ہیں جبکہ یہ معذورین لڑکے ہو یا لڑکیاں دسویں، انٹر میڈیٹ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن، فنی تعلیم، کمپیوٹر سائینس کی تعلیم حاصل کئے ہوئے ہیں۔ آئی آئی سی ڈی کی جانب سے ان لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم کا مفت نظم، ہاسٹل کی سہولت ، مسابقتی امتحانات میں شرکت کروائی جاتی ہے۔ طویل و مختصر مدتی کورس کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ جب سے دوبہ دو ملاقات پروگرام کی تاریخ کا اعلان کیا گیا اس دن سے آئی آئی سی ڈی کو مسلسل کالس شہر کے علاوہ اضلاع سے موصول ہورہے ہیں۔ معذور، بہرے لڑکوں اور لڑکیوں کے سنٹر میں مفت تھراپی کی سہولت بھی موجود ہے۔ مختلف مسابقتی امتحانات میں شرکت اور تیاری کے لئے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ جناب سید تبریز بخشی کنوینر نے اپیل کی کہ ایسے والدین و اصحاب جن کے ہاں معذور لڑکے و لڑکیاں ہیں یا واقفیت رکھتے ہوں وہ فون نمبرات 9059619641 اور 040-245727201 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔