معصوم لوگوں کا قتل عام ناقابل قبول ہے: محمد بن سلمان

   

الریاض : سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے غزہ کی پٹی میں جاری فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرنے اور سولین کی جانوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ الریاض میں جمعہ کے روز خلیج تعاون کونسل اور آسیان تنظیم کے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے غزہ میں شہریوں کو کسی بھی شکل میں اور کسی بھی بہانے سے نشانہ بنانے کو مسترد کردیا۔ سربراہی اجلاس کے موقعے پر اپنے خطاب میں سعودی ولی عہد نے غزہ میں شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کے خلاف فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے ہمیں رنج پہنچا ہے، جس کی قیمت بے گناہ لوگ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کی واپسی اور دیرپا امن کے حصول کے لیے ایسے حالات پیدا کیے جائیں جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے منصفانہ حل تک پہنچنے کی ضمانت دے سکیں۔