معیشت کو بہت حد تک کھول دیا گیا ، عوام کو مزید چوکس رہنے کی ضرورت

,

   

ملک میں کووڈ19 کا اثر کم لیکن اس کے خلاف لڑائی کا راستہ طویل ،وزیر اعظم نریندر مودی کی ’من کی بات‘

نئی دہلی۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں معیشت کو بہت حد تک کھول دیا گیا تاہم عوام کو کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رہنے کیلئے مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے لاک ڈاؤن کو 30 جون تک توسیع دی ہے تاہم مرحلہ وار اَن لاک کا بھی منصوبہ ہے۔ ہمارے ملک میں بھی کوئی طبقہ ایسا نہیں ہے جو مشکل میں نہ ہو، پریشانی میں نہ ہو اور اس بحران کی سب سے بڑی چوٹ اگر کسی پر پڑی ہے تو ہمارے غریب، مزدور، پر پڑی ہے۔ ان کی تکلیف، ان کا درد، ان کی پریشانی الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی ہے۔ ہم میں سے کون ایسا ہوگا جو ان کی اور ان کی فیملی کی تکلیف کا تجربہ نہ کر رہا ہو۔ ہم سب مل کر اس تکلیف کو، اس درد کو بانٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے خلاف لڑائی کا یہ راستہ لمبا ہے۔ یہ ایک ایسی مصیبت ہے جس کا پوری دنیا کے پاس کوئی علاج ہی نہیں ہے، جس کا کوئی پہلے کا تجربہ بھی نہیں ہے، تو ایسے میں نئے نئے چیلنجز اوراس کی وجہ سے پریشانیوں کا ہم تجربہ بھی کر رہے ہیں۔ یہ دنیا کے ہر کورونا سے متاثر ملک میں ہورہا ہے اور اس لئے ہندوستان بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ابھی جو فیصلے لئے ہیں، اس سے بھی گاؤں میں روزگار، خود روزگار، چھوٹی صنعتوں سے متعلق بڑے امکانات موجود ہیں۔ یہ فیصلے ان حالات کے حل کے لئے ہیں، خود مختار ہندوستان کے لئے ہیں، اگر ہمارے گاؤں، خود مختار ہوتے ہیں، ہمارے قصبے، ہمارے ضلع، ہماری ریاست خود مختار ہوتیں تو بیشتر مسائل نے وہ شکل نہیں اختیار کی ہوتی، جس شکل میں آج وہ ہمارے سامنے کھڑی ہیں۔اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات ‘‘ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کئی پابندیوں کو اُٹھا لیا گیا ہے۔ معیشت دوبارہ سرگرم ہوگئی ہے، لیکن اس دوران چوکسی اختیار کرتے ہوئے سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا،

ماسک کا استعمال کرنااور زیادہ سے زیادہ گھر پر رہنا ضروری ہے۔ بغیر کسی لاپرواہی کے ان قواعد پر عمل کرنا ضروری ہے۔ ہمارے ملک کی آبادی بہت زیادہ ہے ، چیلنجس بھی مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود کورونا وائرس دوسرے ممالک کے مقابل زیادہ نہیں پھیلا ہے اور ملک میں اس کا اثر کم ہے۔ ہمارے ملک میں کورونا وائرس سے شرح اموات بھی کم ہیں۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں عوام کی متحدہ کوششوں کی ستائش کی۔ اس وباء کے دوران عوام نے اپنی خدمات اور قربانیوں کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف یہ تحریک عوامی تحریک ہے۔ ہندوستان جیسے بڑے ملک میں ہر شہری نے اس جنگ میں خود کو شامل کیا۔ نریندر مودی نے بتایا کہ ہندوستان میں کورونا وائرس ویکسین کی تیاری کے پروگرام پر دنیا کی نظریں ہیں اور دنیا ہندوستانی لیاب سے اچھی توقعات رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق ہی خدا کی عبادت ہے۔