کولکاتہ : مغربی بنگال کے مشرقی مدنی پور میں ایک غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں زودار دھماکہ ہوا جس میں کم از کم 9 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ کی وجہ سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے معاملہ کی سی آئی ڈی جانچ کے احکامات دئے ہیں۔ دھماکہ کا اثر اتنا زبردست تھا کہ رہائشی عمارت میں چل رہی فیکٹری منہدم ہوگئی۔ ٰ ممتا بنرجی نے مہلوکین کے لواحقین کیلئے ڈھائی لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری کے مالک کو پہلے گرفتار کیا گیا تھا، لیکن اسے ضمانت مل گئی تھی۔ وہیں اپوزیشن بی جے پی نے این آئی اے کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔