مغربی بنگال میں مردم شماری، پہلے مرحلہ کا آج آغاز

   

کولکاتا۔ 31 جولائی (یو این آئی) مغربی بنگال میں ہفتہ، یکم اگست سے قومی مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ اس بار پہلی مرتبہ شہریوں کو اپنی معلومات خود آن لائن درج کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس مرحلے میں شہریوں سے ان کے گھروں سے متعلق مختلف معلومات طلب کی جائیں گی، جن میں یہ شامل ہے کہ آیا گھر میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے یا نہیں، ایل پی جی گیس کنکشن ہے یا نہیں، اور ایک ہی مکان میں کتنے الگ الگ خاندان رہتے ہیں۔ کووڈ-19 وبا کے باعث 2021سے مؤخر ہونے والی اس ملک گیر مردم شماری میں پہلی بار آن لائن سیلف اینیومریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔ یکم اگست سے 15 اگست تک شہری خصوصی موبائل ایپ یا سرکاری مردم شماری پورٹل کے ذریعہ اپنی معلومات جمع کرا سکیں گے ، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں سرکاری مردم شمار گھر گھر جا کر ان کی تصدیق کریں گے ۔ حکام کے مطابق یہ سروے صرف آبادی کی گنتی تک محدود نہیں ہوگا بلکہ گھریلو سہولتوں کی بھی تفصیلی معلومات جمع کی جائیں گی۔ خاندانوں کو یہ بتانا ہوگا کہ ان کے گھر میں بجلی، ایل پی جی کنکشن، بیت الخلا، پینے کے پانی کی سہولت، ٹیلی ویژن، ریڈیو، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، سائیکل اور موٹر سائیکل جیسی سہولتیں موجود ہیں یا نہیں۔ اس بار مردم شماری کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ایک ہی عمارت میں رہنے والے الگ الگ خاندانوں کا الگ اندراج کیا جائے گا۔ مردم شماری حکام کے مطابق اس مرتبہ صرف گھروں ہی نہیں بلکہ باورچی خانوں کی بھی گنتی کی جائے گی، یعنی ایسے خاندان جو ایک ہی مکان میں رہتے ہیں لیکن الگ الگ کھانا پکاتے ہیں، انہیں علیحدہ خاندان تصور کیا جائے گا۔ مثال کے طور پر ایک ہی چھت کے نیچے رہنے والے دو بھائی اگر الگ الگ گھرانے چلاتے ہیں تو ان کا اندراج دو مختلف خاندانوں کے طور پر ہوگا۔ جو شہری خود آن لائن اندراج کا انتخاب کریں گے ، انہیں پورٹل پر 34 سوالات کے جواب دینے ہوں گے ۔ اس کے لیے خاندان کے سربراہ کا نام، موبائل نمبر، مکان نمبر، گلی کا نام، پن کوڈ اور اختیاری طور پر ای میل آئی ڈی درج کرنا ہوگی۔ شہری سیٹلائٹ پر مبنی ڈیجیٹل نقشوں کے ذریعے اپنے گھر کا درست مقام بھی نشان زد کر سکیں گے ۔ سات مراحل پر مشتمل فارم مکمل کرنے کے بعد درخواست گزار کو 11 ہندسوں پر مشتمل ایک شناختی نمبر (آئی ڈی) جاری کیا جائے گا۔ مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 16 اگست سے 14 ستمبر تک جاری رہے گا، جس کے دوران تربیت یافتہ مردم شمار گھر گھر جا کر معلومات کی تصدیق اور اندراج کریں گے ، جبکہ ملک بھر میں سپروائزر اس عمل کی نگرانی کریں گے ۔ شمالی 24 پرگنہ کی ضلع مجسٹریٹ شلپا گوریساریا نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ نے مردم شماری کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ضلع میں 22 بلاک چارج دفاتر، 25 میونسپل چارج دفاتر اور بیرک پور کینٹونمنٹ اور نوباڈیگنتا انڈسٹریل ٹاؤن شپ کے لیے علیحدہ دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔