یکم تا 15 اگست خودشماری کی سہولت ، وزیراعلیٰ سویندو ادھیکاری کی ریاستی سکریٹریٹ میں اہم میٹنگ
کولکاتہ، 29 مئی (یو این آئی) مغربی بنگال کے وزیرِ اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے جمعہ کے روز ریاستی سیکریٹریٹ نبنا میں پرنسپل مردم شماری افسران کی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی، جس کے ساتھ ہی ریاست میں مردم شماری کے عمل کے باضابطہ آغاز کا اشارہ مل گیا ہے ۔محکمۂ مردم شماری کے ایک سینئر افسر کے مطابق، ریاست کے باشندے یکم اگست سے 15 اگست کے درمیان پہلی بار خود آن لائن طریقے سے اپنی مردم شماری کی تفصیلات جمع کرا سکیں گے ۔ اس کے لیے شہریوں کو سرکاری ”سیلف اینیومریشن پورٹل” پر لاگ اِن کرنا ہوگا، جہاں وہ اپنی معلومات درج کر سکیں گے ۔افسر نے بتایا کہ جو افراد ڈیجیٹل طریقہ اختیار کریں گے ، اُن کے گھروں پر جانے والے مردم شماری کارکنوں کو دوبارہ مکمل تفصیلات درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ”خود شماری” کی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے ، جو اس سے قبل کسی بھی مردم شماری میں موجود نہیں تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہری اپنے موبائل نمبر اور بنیادی معلومات کی مدد سے پورٹل پر لاگ اِن کر سکیں گے ۔ اس کے بعد وہ اپنی سہولت کے مطابق خاندان کی تفصیلات درج کرکے جمع کریں گے ، جس کے بعد انہیں ایک خصوصی ‘سیلف اینیومریشن آئی ڈی’ فراہم کی جائے گی۔ جب مردم شماری کا عملہ متعلقہ علاقے میں پہنچے گا تو ریکارڈ کی جانچ اور تصدیق کے لیے صرف یہی آئی ڈی درکار ہوگی۔افسر نے واضح کیا کہ آن لائن نظام کے ساتھ ساتھ روایتی انداز میں گھر گھر جا کر معلومات جمع کرنے کا سلسلہ بھی پہلے کی طرح جاری رہے گا۔ ان کے مطابق، ”اس سے اُن افراد کی معلومات بھی آف لائن حاصل کی جا سکیں گی جو ٹیکنالوجی سے زیادہ واقف نہیں ہیں۔”محکمۂ مردم شماری کے مطابق 2027 کی مردم شماری مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگی۔ مردم شماری عملہ معلومات درج کرنے کے لیے اسمارٹ فون ایپ کا استعمال کرے گا۔ یہ پورٹل اور ایپ ہندی، انگریزی سمیت 16 زبانوں میں دستیاب ہوگا۔ خود آن لائن معلومات جمع کرنے والے افراد کو ڈیجیٹل نقشے پر اپنے گھر کی لوکیشن بھی نشان زد کرنی ہوگی۔واضح رہے کہ ہندوستان میں مردم شماری، مردم شماری ایکٹ 1948 اور مردم شماری قواعد 1990 کے تحت انجام دی جاتی ہے ۔ اس سے قبل آخری مردم شماری سال 2011 میں ہوئی تھی۔ آئندہ مردم شماری ملک کی 16ویں جبکہ آزادی کے بعد آٹھویں مردم شماری ہوگی۔