مغربی طاقتوں کی بے لگام حمایت نے ہی نیتن یاہو کو بے لگام کیا

,

   

غاصبوں کو آباد کار کہا جارہا ہے ، انقرہ میں دورہ پر آئے محمود عباس کے ساتھ صدر ترکیہ اردغان کی پریس کانفرنس

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ مغربی طاقتوں کی بے لگام حمایت کے بل پر نیتن یاہو نے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی برپا کر رکھی ہے۔اردغان نے انقرہ کے دورہ پر آئے ہوئے صدر محمود عباس کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ غاصبوں کی کارروائیاں ہیں انہیں آباد کار کہا جاتا ہے جنہوں نے فلسطینیوں کی زمینوں پر حملہ کیا اور چوری کی ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ7اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 32 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوئے،بیس لاکھ نقل مکانی پر مجبور ہوئے جبکہ 23 لاکھ کو بنیادی ضروریات زندگی کی دستیابی بھی مشکل ہو چکی ہے، اسرائیل نے نہ صرف انہیں بھوکا پیاسا رکھا بلکہ ان پر بمباری بھی جاری رکھِی ہوئَی ہے جو کہ نسل کشی کے سوا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے مزہد کہا کہ تقریبا ایک ہزار زخمی فلسطینیوں کا علاج ترکیہ میں کیا جا رہا ہے، نیتین یاہو کو اس قتل عام میں ملوث اس کے حلیفوں کوناحق بہائے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہوگا۔ فلسطینی مقصد کے لیے آواز بلند کرنے والے اردغان نے اس سال 10 یا 11 مارچ کو شروع ہونے والے ماہِ رمضان کے دوران مسجد الاقصیٰ تک بلا روک ٹوک رسائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بنیاد پرست اسرائیلی سیاست دانوں کی طرف سے مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا مطالبہ سراسر لغو ہے اس طرح کے اقدام کے نتائج بلاشبہ سنگین ہوں گے۔ دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ ماہِ رمضان شروع ہونے والا ہے، سب جانتے ہیں کہ انتہا پسند آباد کار الاقصیٰ جاتے ہیں اور وہاں حملے کرتے ہیں۔فلسطینی صدر نے پر زور حمایت پر ترکیہ اور اس کی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔