مغل شہنشاہ شاہ جہاں کے تاج محل میں صدر امریکہ ٹرمپ کی چہل قدمی

,

   

l ہندوستان‘ امریکہ کا عظیم دوست اور شراکت دار ملک،دہشت گردی کیخلاف متحدہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ:ٹرمپ
l امریکی صدر کاگجرات میں زبردست استقبال۔ایک گھنٹہ طویل روڈ شو، وزیر اعظم مودی کے ساتھ موٹیرہ اسٹیڈیم میں عوام سے خطاب

نئی دہلی ۔ 24 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے مغل شہنشاہ کے تعمیرکردہ تاریخی تاج محل کا مشاہدہ کیا اور دم بخود رہ گئے ۔ مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی بیگم ممتاز محل کی یاد میں تاج محل بنوایا تھا جو دنیا بھر میں اپنی فن تعمیر کیلئے مشہور ومقبول ہے ۔ امریکی صدر نے آج اپنی اہلیہ کے ساتھ تاج محل کی سیر کی اور اس کا تفصیلی مشاہدہ کیا اور اس کی خوبصورتی سے بے حد متاثر ہوئے ۔ دونوں مہمانوں کو تاج محل کی خوبصورتی اور اس کی دیگر خصوصیات سے واقف کروایا گیا ۔ دونوں نے تقریباً ایک گھنٹہ تک تاج محل کا تفصیلی مشاہدہ کیا ۔ وزیٹرس بک میں انھوں نے خوب تعریف لکھی اور ’’تھینک یو انڈیا‘‘ لکھا ۔ تاج محل کے دورہ کے بعد وہ دہلی کے لئے روانہ ہوگئے ۔ قبل ازیں آج صبح دو روزہ دورۂ ہند پر امریکی صدر اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور دختر ایوانکا ٹرمپ کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ گجرات کے احمدآباد پہنچے ۔ مودی نے موٹیرا اسٹیڈیم میں ’’نمستے ٹرمپ‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان سرمایہ کاری کی رکاوٹوں کو کم کرنے کیلئے تجارتی معاہدہ کے ابتدائی مذاکرات کررہے ہیں ۔ دونوں ممالک معاشی معاہدوں میں توسیع پر بات چیت کریں گے ۔ مودی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ ہندوستان اب امریکہ کی برآمدات کے لئے بڑی مارکٹ ہے ۔ انھوں نے اس موقع پر ہندوستان کی ترقی اور نریندر مودی حکومت کے اقدامات کی ستائش کی ۔ ٹرمپ نے ہندوستان کی مختلف شعبوں میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے فلمی صنعت کا بھی حوالہ دیا اور خاص طورپر ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے ‘‘ اور فلم ’’شعلے‘‘ کی تعریف کی جو سدابہار فلمیں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہر موضوع پر سالانہ دو ہزار فلمیں تیار کی جاتی ہیں اور اپنی صلاحیتوں اور اختراعیت کے لئے ’’بالی ووڈ ‘‘ شہرت رکھتا ہے جہاں بھانگڑا ، رقص ، رومانس ، ڈرامہ اور کلاسیکل فلمیں بنتی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ہندستان کا اپنا پہلا سرکاری دورہ ہوائی اڈے پر ایک شاندار اور رنگا رنگ استقبال کے ساتھ شروع کیا۔مہمانوں کے استقبال کے لئے گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت اور وزیر اعلی وجے روپانی بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔امریکی صدر کا قافلہ وزیراعظم نریندرمودی کے قافلے کے ساتھ تقریباً 22کلومیٹر لمبے روڈ شو ’’انڈیا روڈ شو‘‘ سے کیا۔ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینیا ٹرمپ ان کی گاڑی دی بیسٹ نام کی بلیک لیموزن میں سوار تھے جبکہ وزیراعظم مودی کی گاڑی ان کے آگے چل رہی تھی۔راستے میں دونوں طرف لاکھوں لوگ سڑک کے کنارے کھڑے تھے۔اس کے علاوہ الگ الگ اسٹیجوں پر ہندوستان کی جھلک پیش کرتے ہوئے فنکار بھی موجود تھے۔صدر ٹرمپ کی لیموزن دی بیسٹ سکیورٹی کے لحاظ سے دنیا کی انوکھی گاڑی ہے جسے میزائل سے بھی نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔
ٹرمپ اور میلانیا کا گاندھی جی کو خراج
امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے آج سابرمتی آشرم میں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آشرم میں وزیر اعظم نریندر مودی نے مہمان صدر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔امریکی مہمانوں نے سابرمتی آشرم میں چرخہ بھی چلایا۔ آشرم میں آنے والوں کے تاثرات لکھنے کے رجسٹر میں ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے اپنے تاثرات لکھے۔ ٹرمپ نے مہاتما گاندھی کے سابرمتی آشرم میں بھی تقریباً 15منٹ کا وقت گزارا۔انہوں نے وہاں ویزیٹرس بک میں لکھا، ’’میرے دوست وزیراعظم نریندرمودی کو اس شاندار دورے کے لئے شکریہ‘‘۔ وزیراعظم مودی اس موقع پر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملینیا کے ساتھ مسلسل موجود رہے۔انہوں نے دونوں کو مہاتما گاندھی آشرم میں واقع ’ہریدے کنج ‘دکھایا اور اس کے بارے میں معلومات دی۔اس موقع پر ٹرمپ نے وہاں برآمدے میں رکھے چرخے پر بھی ہاتھ آزمایا۔اس آشرم نے ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کا استقبال روایتی طورپر سوت کی مالا پہنا کر کیا۔اس موقع پر گاندھی جی کے پسندیدہ بھجن بھی بجائے گئے۔ (سلسلہ صفحہ 3 پر )