مفت راشن اسکیم میں مزید5سال توسیع مودی حکومت کا غریب عوام کو ’دیوالی کا تحفہ

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پردھان منتری انا یوجنا کے تحت مفت راشن اسکیم کو اگلے پانچ سال تک بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود ان کی پہلی ترجیح ہے۔ آج ایک بڑی انتخابی ریالی میں اس کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 80 کروڑ غریبوں کو مفت راشن دینے کی یہ اسکیم دسمبر کے مہینے میں ختم ہو رہی تھی لیکن اب اسے پانچ سال تک بڑھایا جائے گا۔ یہ محض انتخابی اعلان نہیں ہے بلکہ یہ مودی کی ’گارنٹی ‘ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت روزی روٹی کمانے کیلئے گھروں سے دور جانے والوں کوبھی ون نیشن ون راشن کارڈ کے ذریعے ملک بھر میں اناج حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے مردم شماری کے سلسلے میں کانگریس کا نام لیے بغیر طنز کیاکہ سب سے بڑی ذات غریب ہے جس کیلئے ان کی حکومت نے تمام اسکیمیں شروع کی ہیں۔ انہیں ڈرلگ گیا ہے کہ اگر غریب اکٹھے ہوگئے اور ان کی طاقت بن گئی تو ان کا کیا بنے گا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ متحد ہو کر اس سازش کو ناکام کریں۔او بی سی زمرے کا خود کو عظیم خیر خواہ بتاتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کی حکومت نے او بی سی کمیشن کو آئینی درجہ دیا۔میڈیکل کالجوں میں او بی سی ریزرویشن دیا گیا۔ ان کی حکومت میں سب سے زیادہ او بی سی وزراء ہیں پھر بھی کانگریس والے پانی پی پی کر گالیاں دیتے ہیں۔