مفسر قرآن حضرت مولاناپیر صحوی ؔشاہ صاحبؒ

   

مولانا عبدالکریم شاہ
حیدرآباد دکن جو اولیائے کرام کے انفاس ِقدسیہ کی وجہ سے اولیاء کا مسکن کہلاتا ہے ان نفوسِ قدسیہ میں ایک حضرت مولانا پیر صحوی شاہ علیہ الرحمہ بھی ہیں جو اس عالم ناسوت میں 6رجب المرجب 1345ھ م23 فبروری 1923ء میں بروز جمعہ تشریف لائے اور 56سال کی عمر میں بتاریخ 18جمادی الثانی 1399ھ م 15مئی 1979ء شب چہارشنبہ واصل بحق ہوئے۔ آپ کے والد حضرت مولانا پیر غوثی شاہ صاحبؒ نے آپ کا نام حضرت شیخ اکبر محی الدین ابن عربی ؓ کی غیبی بشارت و ہدایت پر ’’احمد ابن عربی صحویؔ‘‘ رکھا۔آگے چل کر آپ حضرت مولانا صحوی شاہ ؒکے نام سے مشہور ہوئے۔آپ توحید اور تصوف کو نقطہ عروج پر پہونچانے میں ساری زندگی مصروفِ جہاد رہے آپ کی ذات میں علم و فہم ،توکل اور استغنا اور حق گوئی اور بے باکی کے اوصاف خاص طور پرودیعت کئے گئے تھے۔علم قرآن و حدیث اور فقہ پر کافی عبور تھا آپ(حضرت صحوی شاہ صاحب ؒ) کی تصنیفات عالم اسلام میں شہرت پاچکی ہیں۔’’تشریحی ترجمہ قرآن‘‘اور پارہ وار تفسیر ’’کتاب مبین‘‘ؔاور’’بدعت حسنہ‘‘ ’’گیارہ مجالس‘‘کافی مقبول ہوچکی ہیں ۔ اسکے علاوہ oعکسِ لطیفOاصولِؔ دینO موجِؔہوا Oمنظوم ترجمہ الم تر اتاؔوالناسOرمضان اور روزےOسیر عبدیتOخون پارےOتقدیس شعرOوغیرہ تصانیف بھی مشہور ہیں۔کئی مشاہیر اور علماء کے علاوہ مولانا عبد الماجددریابادیؒ اور محدث دکن حضرت سید عبد اللہ شاہ صاحب قبلہ ؒ نے بھی حضرت صحوی شاہ صاحب کی ’’تفسیر قرآن‘‘’’کتاب مبین‘‘ کی تعریف کی ہے۔آپ کی ان تصانیف کے علاوہ آپکی آخری تصنیف جو آنحضور ؐ کے اثبات علم غیب اور دوسرے عنوانات کے تحت لکھی گئی 46سال قبل کی مشہور تصنیف’’ردمنافقت‘‘ بھی عالمگیر شہرت حاصل کرچکی ہے اور اب بارِ دوم بھی شائع ہوچکی ہے۔حضرت مولانا صحوی شاہ صاحب قبلہ ؒ نے اتمام حجت کے لئے بڑی بڑی طاقتوں کو اپنے بیانات اور خطوط کے ذریعہ ان کی لغزشوں سے آگاہ کرواکر اپنا احقاق حق اداکردیا اور کئی مرتبہ آل انڈیا ریڈیو اسٹیشن (AIR) پرآپکی مختلف عنوانات کے تحت تقاریر نشر ہوچکی ہیں اور کئی بیانات اور مضامین اخبارات کی زینت اور لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ بن چکے ہیں۔آپ کے مریدوں کا سلسلہ ،ہند ،پاک کے علاوہ امریکہ ،آفریقہ اور سعودی عرب میں بھی پھیلا ہوا ہے۔حضرت صحوی شاہ صاحب قبلہ ؒ نے اپنی زندگی ہی میں مولانا غوثوی شاہ صاحب کو بیعت و خلافت اور جانشینی سے سرفراز کیا اور قرآن و حدیث و فقہ کے علاوہ خصوصی تعلیمات بھی آپ کو عطاکیں اور حضرت مولانا صحوی شاہ صاحبؒ کے انتقال کے بعد سے مولانا غوثوی شاہ صاحب ہی آپ کی مسند رشد و ہدایت پر آج46 سال سے خدمت دین کا کام انجام دیتے آرہے ہیں۔ الحاج حضرت صحوی شاہ صاحب قبلہ ؒ کا اپنے دادا الحاج حضرت کریم اللہ شاہ ؒکی بنائی ہوئی مسجد مسجد کریم اللہ شاہ صاحبؒ 15-6-341 ، بیگم بازارمیں مزار مبارک زیارت گاہِ خلایق ہے۔