مقامی مسائل کو موضوع بنانے ریونت ریڈی کی ہدایت

   

پارٹی کی انتخابی مہم کا جائزہ، حکومت کی کارکردگی کو عوام میں پیش کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/23 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی کے لوک سبھا امیدواروں اور انتخابی مہم کے اسٹار کمپینرس کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کی چار ماہ کی کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ کی اپیل کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی روزانہ پارٹی امیدواروں اور سینئر قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے انتخابی مہم کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے امیدواروں اور قائدین سے کہا کہ وہ قومی مسائل کے بجائے مقامی مسائل اور خاص طور پر حکومت کی جانب سے 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی بڑے پیمانے پر تشہیر کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل سے عوام مطمئن ہیں لہذا 14 لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔ چیف منسٹر نے امیدواروں سے کہا کہ وہ کسانوں کو یقین دلائیں کہ 15 اگسٹ سے قبل 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے اور زرعی پیداوار پر خریف سیزن سے فی کنٹل 500 روپئے بونس ادا کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی قومی مسائل کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے جبکہ تلنگانہ عوام کو مقامی مسائل سے دلچسپی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ پہلے مرحلہ میں تمام لوک سبھا حلقہ جات کا احاطہ کریں گے اور دوسرے مرحلہ میں قومی قائدین ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے پروگرام طئے کئے جائیں گے۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ وہ ایک بھی دیہات کو اپنی مہم سے مستثنیٰ نہ رکھیں اور زیادہ تر وقت عوام سے ملاقات میں صرف کریں۔ بوتھ سطح کی کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے تاکہ رائے دہی کے دن منظم طور پر کانگریس کے حق میں ووٹ مل سکیں۔تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی لوک سبھا میں بھی بہتر مظاہرے کی بھرپور کوشش کررہی ہے ۔ 1