یلاریڈی ۔ 23ستمبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محکمہ صحراء ضلعی آفیسر ڈی ایف او نیرج کمار نے ڈیویژن کے مختلف منڈلوں کے صحراء میں صحرائی اراضیات سے متعلق لاپرواہی سے کام لینے والے عہدیداروں کیخلاف پہلے ہی سے سخت کاروائی کرتے ہوئے ابتک تین عہدیداروں کو معطل کرچکے ہیں اور اب مقبوضہ اراضیات کو ضبط کرنے کیلئے مکمل طریقہ سے متحرک ہوتے ہوئے جنگلات کا دورہ کررہے ہیں۔ ڈی ایف او کے احکامات پر بلارم فارسٹ سیکشن حدود میں لنگم پیٹ منڈل کے شٹ پلی فارسٹ اور یلاریڈی منڈل کے لکشماپور فارسٹ بیٹ میں ناجائز قبضہ کی گئی صحرائی اراضی کو ضبط کرلیا ہے۔ یلاریڈی فارسٹ آفیسر رمیش، بلارم سیکشن آفیسر سید اشفاق کی موجودگی میں عملہ کیساتھ مل کر مقبوضہ اراضی پر JCB گاڑی کے ذریعہ قندقیں کھدوائے گئے۔ شٹ پلی فارسٹ میں 722 کمپارٹمنٹ پر 15 ایکٹر اراضی اور یلاریڈی کے لکشماپور فارسٹ بیٹ میں سروے نمبر 27 پر دس ایکٹر مقبوضہ اراضی ضبط کرلی گئی۔ منڈل لنگم پیٹ کے آیا پلی علاقہ میں تقریباً پندرہ ایکٹر اراضی پر ناجائز قبضہ کرکے حصاربندی کی گئی تھی اس حصار بندی کے تاروں کو بھی ضبط کرلیا گیا۔ اور آیا پلی تانڈا سے تعلق رکھنے والے لکشمن کیساتھ اور کچھ لوگوں کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور بائیک گاڑی کو مہربند کردیا گیا۔ سیکشن آفیسر سید اشفاق نے مزید بتایاکہ یلاریڈی کے تماپور علاقہ میں صحرائی راستہ کو مکمل طریقہ سے بند کردیاگیا۔ اس موقع پر محکمہ فارسٹ سیکشن افسران میں بھاسکر، روزر، بننی، بیٹ آفسیر چندرا شیکھر، سرینواس، پرشانت، بھاسکرراؤ، کلیانی اور بیس کیمپ عملہ میں جیون، ہری، سیدیا، راجیش ودیگر موجود تھے۔