سگریٹ کمپنی میں سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب

   

4 افراد بشمول مسروقہ سامان خریدنے والا شخص گرفتار: ڈپٹی کمشنر
حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) چندانگر پولیس نے سگریٹ کمپنی میں سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد بشمول مسروقہ سامان کو خریدنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھاپور زون مسٹر اے وینکٹیشورا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے گرفتار افراد کو ضبط شدہ مسروقہ سامان کے ساتھ میڈیا کے روبرو پیش کیا اور بتایا کہ 38 سالہ سنجے پنڈالک، 53 سالہ نام دیو سمھاجی منڈے، 41 سالہ راتھوڑ اجے بابو اور 43 سالہ گوپال پرشوتم ساکنان ناندیڑ ضلع کو گرفتار کرلیا جبکہ اسی ٹولی کے دیگر ارکان کاشی ناتھ کدم، راجوانجواڑے اور ڈیگامبر دھومالے مفرور بتائے گئے ہیں۔ اس ٹولی نے سرقہ کی سازش تیار کرتے ہوئے اس پر عمل کیا اور 25 ڈسمبر کو اپنی سازش پر عمل کرتے ہوئے وشنو فرینچائز پرائیویٹ لمیٹیڈ پدمجاکالونی چندانگر میں واردات انجام دی۔ جو لاری اس کمپنی کے سگریٹس کو منتقل کرتی تھی اس طرح کی گاڑی کا انتظام کیا گیا اور اسی لاری کا نمبر اس لاری پر درج کیا گیا تاکہ چیک پوسٹ پر اس گاڑی کو کوئی روک نہ سکے اور اپنے منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے اس کمپنی کی چوتھی منزل سے سگریٹس کے 59 کارٹونس کو لوٹ لیا گیا اور ان کارٹونس کو لاری میں لیکر فرار ہوگئے۔ ان سگریٹس کی کل مالیت 80 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ اس ٹولی نے کمپنی میں سرقہ سے قبل اس کے سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ دیا تھا تاکہ ان کی کوئی سرگرمی ریکارڈ نہ ہوسکے اور چیک پوسٹ پر تلاشی سے بچنے کیلئے کمپنی کی گاڑی کا نمبر لاری پر لگا لیا اور بہ آسانی دوسری ریاست پہنچ گئے۔ پولیس چندانگر نے اس معاملہ کی کارروائی کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔