ملبوسات کی فروخت کا جھانسہ دے کر رقم ہڑپنے والی لڑکی گرفتار

   

حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) انسٹا گرام سے ملبوسات فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپئے ہڑپنے والی ایک نوجوان لڑکی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ رچہ کنڈہ پولیس کے سائبر کرائم سیل نے ایک کارروائی میں 28 سالہ ایس جی ساریکا وینکٹانو کامبیکا کو گرفتار کرلیا جو وشاکھاپٹنم کی ساکن ہے۔ ایک شکایت پر پولیس سائبر کرائم نے تحقیقات کرکے ساریکا کی نشاندہی کی اور ایک خصوصی ٹیم کو وشاکھاپٹنم روانہ کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ساریکا آسان انداز میں شہریوں کو دھوکہ دیتے ہوئے پیسہ کمانا چاہتی تھی۔ اس نے ایک انسٹا گرام آئی ڈی تیار کیا اور اس کے ذریعہ ساڑی اور بلوز کی مارکٹنگ کرنے لگی تاہم اس کو خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی جس کے بعد اس نے انسٹا گرام پر معروف آئی ڈی کی تلاش کی جو ایک بیوہ خاتون کی تھی۔ اس خاتون سے مجبوری ظاہر کرکے اس نے انسٹا گرام پر اس کی اشیا اور آئی ڈی کو پروموٹ کرنے کی درخواست کی۔ پولیس تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ معروف یو ٹیوبر بیوہ خاتون نے انسانی ہمدردی کی خاطر ساریکا کو پروموٹ کیا جس کے بعد ساریکا کو آرڈرس ملنے لگے۔ اس طرح ساریکا نے تقریباً 5 تا 10 لاکھ روپئے مارکٹ سے حاصل کرلئے جبکہ کسی کو بھی سامان کی حوالگی نہیں کی ۔ ایک خاتون نے سائبر کرائم پولیس سے رقم ادا کرنے کے بعد بھی سامان نہ ملنے پر شکایت درج کروائی اور پولیس نے ساریکا کو گرفتا کرلیا۔ع