ملت فنڈ کی جانب سےمسلم نعشوں کی تدفین

   

حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو راجندر نگر پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی۔ اس کے علاوہ 9 مختلف پولیس اسٹیشنوں سے تدفین کی درخواستیں وصول ہوئیں ۔ جملہ 10 مسلم نعشوں کو حاصل کرکے قبرستان کوکٹ پلی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ 8 مسلم نعشوں کی دواخانہ عثمانیہ میں مولانا شکیل احمد قاسمی سبیلی نے پڑھائی جبکہ دو نعشوں کی نماز جنازہ گاندھی ہاسپٹل میں سید زاہد حسین شاہ قادری نے پڑھائی۔ اس موقع پر سکندرآباد کی رہنے والی محترمہ بشریٰ تبسم نے حدیث شریف کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر غسال میت کو غسل دیتے وقت میت میں کوئی عیب دیکھے اور اس کو بیان نہ کرنے پر اللہ پاک غسال کے 40 گناہ کبیرہ معاف فرمادیتے ہیں اور ایک حدیث میں اس طرح ہے کہ غسال کو اللہ پاک بخش دیتے ہیں۔ بلاشبہ اللہ پاک اپنے بندوں کو بے حد چاہتے ہیں۔ محمدعبدالبصیر ، محمد عبدالجلیل، سید امجد علی نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔ سید عبدالمنان نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کیلئے دعاء کی اوریہ بھی کہ ادارہ ’سیاست‘ کی خدمات کو اللہ پاک قبول فرمائے اور جناب زاہد علی خاں صاحب کی صحت میں حیات کے ساتھ اضافہ فرمائے۔ ( آمین)