ملٹی لیول مارکٹنگ کے نام پر بڑا اسکام

   

1 ہزار کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا شبہ ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد
حیدرآباد 12 مارچ (سیاست نیوز) اگری گولڈ کیونٹ جیسے اسکامس کا مسئلہ ابھی تازہ ہی تھا کہ شہر حیدرآباد میں ایک اور بڑے ملٹی لیول مارکیٹنگ کا اسکام منظر عام پر آیا۔ بی بینر نامی ملٹی لیول مارکٹنگ کے اس ادارے نے عوام سے بڑی تعداد میں رقم وصول کرتے ہوئے تقریباً ایک ہزار کروڑ کا دھوکہ دیا ہے۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبرآباد وی سی سجنار نے بتائی۔ انھوں نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اس اسکام کو بے نقاب کیا اور بتایا کہ سال 2001 ء سے یہ اسکام جاری تھا۔ نوئیڈا سے چلائے جارہے اس ادارے نے نوجوانوں کو طلبہ برادری کو استعمال کیا اور انھیں نشانہ بناکر دھوکہ دہی کی ۔ اس ادارے کے ملک بھر میں 7 لاکھ ممبرس ہیں۔ ان ممبران سے ادارے نے ابھی تک ایک ہزار کروڑ روپئے حاصل کرلئے ۔ انھوں نے ادارے کی دھوکہ دہی کے طریقہ کار کو بتاتے ہوئے کہاکہ پہلے اس ادارے میں 16 ہزار روپئے ادا کرتے ہوئے رکنیت حاصل کرنی پڑتی ہے جنھیں 10 ہزار پوائنٹس دیئے جاتے ہیں جس کے بعد دیگر کو اس گروپ میں شامل کروانا پڑتا ہے۔ جس سے پہلے رکنیت حاصل کرنے والے رکن کو کمیشن دینے کی پیشکش کی جاتی ہے اور نوجوانوں کو راغب کرنے انھیں کمپیوٹر کورسیس اور لرننگ کورس سکھایا جاتا ہے جس کے بعد انھیں صداقت نامہ حوالہ کیا جاتا ہے۔ تاہم انھیں کسی بھی قسم کی سرکاری مسلمہ حیثیت نہیں ہوتی۔ کمشنر نے بتایا کہ ملک بھر میں اس ادارے کے متاثرین ہیں بالخصوص بنگلور، چینائی کے حدود میں متاثرین کی اکثریت پائی جاتی ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ جگتیال کے ساکن ایک شہری کی شکایت کے بعد یہ اسکام منظر عام پر آیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ای بیانر کے ذمہ دار ہیتک ملہان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور پولیس نے اس ادارہ کے اکاؤنٹس میں موجود 70 لاکھ روپیوں کو منجمد کردیا ہے۔