نئی دہلی، 14 اپریل (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے معمارِ دستور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کے یومِ پیدائش (جینتی) پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ان کے قائم کردہ اصولوں کو تحفظ فراہم کرنا ایک چیلنج ہے، جس کیلئے سب کو متحد اور ثابت قدم ہو کر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔کھرگے نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بابا صاحب نے آئین میں سب کی آزادی اور مساوات کے جو تصورات واضح کیے ہیں، انہیں اب نئے خطرات کا سامنا ہے ، جن کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی پر، ہم اس دور اندیش شخصیت کو عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہندوستان کو اس کی اخلاقی اور آئینی روح عطا کی۔ بابا صاحب نہ صرف ہندوستانی آئین کے معمار تھے ، بلکہ وہ آزادی، مساوات، بھائی چارے اور انصاف کیلئے ایک انتھک مجاہد بھی تھے ۔
کھرگے نے مزید کہا کہ ”آج جب آئین کو ایک سازشی حملے کا سامنا ہے ، تو ان کے الفاظ اور ان کی تنبیہات نئے سرے سے اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔ یہ ہمت اور پختہ یقین کا وقت ہے ۔ ہمیں صرف انہیں یاد ہی نہیں کرنا چاہیے ، بلکہ ان کے قائم کردہ ہر اصول کی پاسداری، ان کے محفوظ کردہ ہر حق کے دفاع اور ان کی زندگی بھر کی جدوجہد کی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے کھڑا ہونا چاہیے ۔”