چنڈی گڑھ، 16 مئی (یواین آئی) پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک میں تبدیل شدہ حالات کے پیش نظر مرکزی ٹریڈ یونینوں اور ملازمین کی تنظیموں کے اعلان پر 20 مئی کو ہونے والی ملک گیر عام ہڑتال کو ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ اب یہ ہڑتال 9 جولائی کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز فیڈریشن کے قومی صدر سبھاش لامبا نے یہاں جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ہڑتال اگرچہ ملتوی کر دی گئی ہے ، لیکن 20 مئی کو ملک بھر میں ملازمین اور مزدور اپنے کام کی جگہوں اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ مرکزی ٹریڈ یونینوں کی کل (جمعرات) دیر شام آن لائن موڈ میں ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد آل انڈیا اسٹیٹ گورنمنٹ ایمپلائیز فیڈریشن کے سیکریٹریٹ کی آن لائن میٹنگ میں اس فیصلے کی توثیق کی گئی۔