ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 1.18 لاکھ ہوگئی ،3,583 اموات

,

   

ایک دن میں 6088 نئے پازیٹیو کیسیس کا ریکارڈ ، 48 ہزار صحتیاب ،دہلی اور مہاراشٹرا کی سنگین صورتحال
نئی دہلی، 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں عالمی وباکورونا وائرس (کووڈ -19) کے ایک دن میں رکارڈ 6088 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد 1,18,447 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران 3000 سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6088 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1,18,447 تک پہنچ گئی۔ملک میں کل فعال کیسز 66330 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 5609 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ ملک میں کووڈ -19سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 148 افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3583 ہو گئی ہے ۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3234 لوگ اس وبا سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہوئے لوگوں کی کل تعداد 48533 ہو گئی ہے ۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کل وائرس کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2345 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 41642 ہو گئی ہے جبکہ 1454 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 11726 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تامل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ۔

تمل ناڈو میں اب تک 13,967 افراداس وباسے متاثر ہوئے ہیں اور 94 اموات ہوئی ہیں جبکہ 6282 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے ۔ کورونا وائرس وبا کے کیسزمیں ‘فائیو فیگر’ کی فہرست میں گجرات تیسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 12905 ہو گئی ہے اور اس وبا سے 773 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ اس کے علاوہ 5488 افراد اس بیماری سے شفا یاب بھی ہوئے ہیں۔ قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناوائرس کے 571 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس وبا سے ریکارڈ 18 افراد کی موت کی اطلاع ہے ۔ یہاں اب تک 11,659 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 194 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 5567 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا رہا ہے . یہاں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 6227 ہو گئی ہے اور 151 افراد کی موت ہو چکی ہے ، جبکہ 3485 لوگ مکمل طور پر ٹھیک ہوئے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑے ریاست اتر پردیش میں اب تک 5515 لوگ اس کی زد میں آئے ہیں اور اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 138 ہو گئی ہے جبکہ 3204 افراد اب تک اس سے ٹھیک ہوئے ہیں۔