ملک میں آج 9 بجے شب 9 منٹ کیلئے دِیے جلائیں: مودی

,

   

’’ آؤ دِیا جلائیں ، آؤ پھر سے دِیا جلائیں‘‘
اچانک بجلی کے بند کرنے سے گریڈ فیل ہونے کے خدشات غلط

نئی دہلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ملک کے اجتماعی عزم و یکجہتی کے مظاہرے کیلئے اتوار کی شب گھروں میں لائیٹس بند رکھتے ہوئے دیے روشن کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس پس منظر میں بی جے پی کے آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کی ایک ویڈیو کلپ پوسٹ کیا جس میں وہ اپنی ایک مشہور زمانہ نظم سنا رہے تھے۔ مودی نے اس نظم کا حوالہ دیا۔ اس کے بول ہیں:

آؤ دِیا جلائیں
آؤ پھر سے دِیا جلائیں

اس مختصر کلپ میں واجپائی کو شہ نشین سے یہ نظم سناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مودی نے جمعہ کو اپیل کی تھی کہ اتوار کو 9 بجے شب 9 منٹ کیلئے لائیٹس بند کرتے ہوئے اپنے گھروں میں دِیے ، موم بتی جلائیں یا موبائیلس کے فلاش لائیٹس روشن رکھیں تاکہ کورونا وائرس کو شکست دینے کیلئے ملک کے اجتماعی عزم و عہد کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ وزیراعظم کی جانب سے اتوار کی رات 9 بجے لائٹس بند کرنے کی اپیل پر الیکٹرسٹی گریڈ کے فیل ہونے سے متعلق خدشات کو دور بھی کیا گیا ہے۔ حکومت نے کہاکہ یہ اندیشے غلط ہیں اور برقی کی سربراہی میں اُتار چڑھاؤ کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں اور پروٹوکول کو ملحوظ رکھا جارہا ہے۔ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر برقی بند کرنے سے پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کا حکومت نے تیقن دیا ہے اور کہاکہ اس طرح کسی بھی گھریلو سامان کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ پاور سسٹم آپریشن کارپوریشن لمیٹیڈ اتوار کو شام 6:10 بجے سے 8 بجے کے دوران اس اچانک تبدیلی کو سنبھالنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ صرف لائٹس بند کرنے سے 10 تا 15 جی ڈبلیو برقی کی کمی ہوگی۔ اس سے فرق نہیں پڑے گا۔ لائٹس کو رضاکارانہ طور پر بند کرنے کو کہا گیا ہے۔ گھریلو اشیاء جیسے ٹی وی، فریج اور اے سی وغیرہ نارمل کام کرتے رہیں گے۔