ملک میں تحفظات ختم کرنے بی جے پی اور آر ایس ایس پر سازش کاالزام

   

سوشیل میڈیا کے ذریعہ مہم کی مذمت، حکومت کے مشیر وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں کمزور اور پسماندہ طبقات کے دستوری تحفظات کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ نیٹ امتحانی پرچہ کے افشاء کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران سوشیل میڈیا پر تحفظات کے خلاف مہم شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کو بی جے پی کی تائید حاصل ہے۔ ملک بھر میں تحفظات کو ختم کرنے کے لئے سوشیل میڈیا مختلف پلیٹ فارمس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی طرح جامع سروے کا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ تمام طبقات کی حقیقی آبادی کا تعین کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تعداد کے تعین کے بعد آبادی کی بنیاد پر تحفظات فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ فلاحی اسکیمات میں حصہ داری پسماندگی کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ 1/k
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کامیابی کے ساتھ جامع سروے کا اہتمام کیا گیا جس کے نتیجہ میں حکومت کو فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کیلئے بجٹ مختص کرنے میں مدد ملے گی۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ ایودھیا میں رام مندر چندہ چوری سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے تحفظات کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔ پسماندہ طبقات کے حقوق سلب کرنے اور تحفظات کے خاتمہ کی کسی بھی کوشش کو بردداشت نہیں کیا جائے گا۔ تحفظات دراصل دستوری حق ہے اور اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر چندہ چوری کے حقیقی خاطیور کو بے نقاب کرنے کیلئے سی بی آئی تحقیقات ضروری ہے۔ 1/k