تشدد اور نراج پیدا کرنے کی کوششوں کا بھی دعوی ۔ یوم آزادی ہند کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے نریندر مودی کا قوم سے خطاب
نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہتھیاربند نکسل انتہاپسندی تو کافی حد تک ختم ہو گئی ہے لیکن معاشرے کو ‘دماغی نکسل’ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ مودی نے یوم آزادی کے موقع پر ہفتہ کو لال قلعہ کی فصیل سے ملک کو نکسل انتہاپسندی کے خلاف ملی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے معاشرے کو ‘دماغی نکسل’ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاربند نکسل انتہاپسندی کا کافی حد تک خاتمہ ہو چکا ہے لیکن اب ایسے لوگ موقع کی تلاش میں ہیں جو نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور معاشرے کو غلط سمت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک نے نکسل انتہاپسندی کو ختم کرنے کا عزم کیا تھا۔ آج جن علاقوں میں کبھی نکسل انتہاپسندی کا اثر تھا، وہاں نکسل سے پاک ہونے کی وجہ سے ترقی کا ترنگا لہرا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے باوجود ملک کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔مودی نے کہا کہ ہتھیاربند نکسل تو چلے گئے لیکن دماغی نکسل موقع کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ معاشرے کو غلط راہ پر لے جانے کئی طرح کی کوششیں کر رہے ہیں اور تشدد نیز نراج کے راستے تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دماغی نکسلیوں کو پہچاننا ہوگا اور انہیں الگ تھلگ کرنا ہوگا، تاکہ وہ ملک کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے ملک کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم سے وابستہ ہونے کی اپیل کی۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کی نئی نسل ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے ۔ نوجوانوں کو منفی و پرتشدد خیالات سے دور رکھتے ہوئے ترقی، ملک کی تعمیر اور وکست بھارت کے ہدف سے جوڑنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نکسل متاثرہ علاقوں میں ترقی کی نئی تصویر سامنے آ رہی ہے اور اس تبدیلی کو آگے بڑھانے ملک کو مسلسل بیدار رہنا ہوگا۔
وزیراعظم نے راج گھاٹ جا کر گاندھی جی کو خراج پیش کیا
نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو 80ویں یوم آزادی کے موقع پر راج گھاٹ جا کر بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نریندر مودی تاریخی لال قلعہ پر پرچم کشائی سے پہلے بابائے قوم کی سمادھی پر گئے اور انہیں خراج پیش کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ سبھی کو باپو کے اقدار کو اپنا کر وکست بھارت کے عزم کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہیے ۔مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارکباد۔ یہ قومی تہوار ہمیں ملک کے بہادر مجاہدین کی شاندار شجاعت، انتھک جدوجہد اور مادر وطن کیلئے بے مثال لگن کی یاد دلاتا ہے ۔