ملک میں ناانصافیوں کیخلاف 14 جنوری سے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا

   

بی جے پی یاترا سے خوفزدہ، دستوری اور جمہوری اداروں کو خطرہ، کانگریس ترجمان شمع محمد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔11 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی کے 10 سالہ دور اقتدار میں سماج کے ہر طبقہ کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف کانگریس قائد راہول گاندھی نے 14 جنوری کو منی پور سے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ جمہوریت اور دستور کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے علاوہ بی جے پی اقتدار کے دوران بیروزگار نوجوانوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے ذریعہ مختلف شعبوں میں ناانصافیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ترجمان شمع محمد نے پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور میڈیا کوآرڈینیٹر سجاتا پال کے ہمراہ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راہول گاندھی کی منی پور تا ممبئی یاترا کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 66 دن میں 6713 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا اور یہ یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی۔ 15 ریاستوں کے 110 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا۔ شمع محمد نے کہا کہ ملک میں 10 برسوں کے دوران نہ صرف دستوری اور جمہوری اداروں کے وقار کو مجروح کیا گیا بلکہ عوام سے کئے گئے وعدے فراموش کردیئے گئے۔ ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب اور متوسط طبقات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ملک میں اقلیتوں ، دلتوں ، قبائل اور کسانوں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ منی پور میں عیسائیوں اور ان کی عبادتگاہوں کے علاوہ مسلم اقلیت کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ خواتین پر مظالم کے واقعات عروج پر ہیں۔ حکومت کے خلاف آواز اٹھانے والے افراد کو نشانہ بناتے ہوئے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ شمع احمد نے کہا کہ خاتون کھلاڑیوں کے احتجاج کے باوجود برج بھوشن کے خلاف آج تک کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا سے بی جے پی خوفزدہ ہے ۔ منی پور کی بی جے پی حکومت نے امپھال سے یاترا کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پہلے مرحلہ کی یاترا کی طرح دوسرا مرحلہ بھی کامیاب رہے گا۔ عوام ملک کے کسی بھی حصہ سے یاترا کی تائید کرسکتے ہیں ، اس کیلئے انہیں فون نمبر 9891802024 پر مس کال دینا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انصاف کی اس لڑائی میں راہول گاندھی اور کانگریس پارٹی کے ساتھ شامل ہوکر ملک کو بی جے پی سے نجات دلانے میں مدد کریں۔1