ملک میں پہلی کورونا وائرس ٹسٹنگ کٹ کی تیار ی

,

   

ممبئی کی حاملہ خاتون ویرالوجسٹ کا کارنامہ
ممبئی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی ویرالوجسٹ منال دکھوے گھوسلے نے ہندوستان میں پہلا کورونا وائرس ٹسٹنگ کٹ تیار کیا ہے جبکہ وہ حاملہ ہے۔ اِس خاتون نے صرف 6 ہفتوں کی ریکارڈ مدت میں اپنی ٹیم کے ساتھ ٹسٹنگ کٹ تیار کیا۔ کٹ کی تیاری کے دوران وہ حمل کے آخری مرحلہ میں تھیں اور حکام کو کٹ کی جانچ کے لئے پیش کرنے کے ایک دن قبل ہی اُنھوں نے لڑکی کو جنم دیا۔ نیوز ایجنسی سے فون پر بات چیت میں اُنھوں نے بتایا کہ دونوں مرحلہ چیلنج سے کم نہیں تھے۔ اِس دوران کئی پیچیدگیاں بھی آئیں۔ خاتون کی زچگی آپریشن کے ذریعہ ہوئی۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے عوام کی خدمت کرنے کا صحیح وقت ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ اِس شعبہ میں گزشتہ پانچ برسوں سے کام کررہی ہیں اور اگر ہنگامی صورتحال میں اگر وہ کچھ اچھا کررہی ہیں تو یہ وقت کا تقاضہ ہے۔ زچگی کے باعث وہ آفس آنے کے موقف میں نہیں ہیں تاہم وہ اِس پراجکٹ پر اُن کے ساتھ کام کرنے والے 10 افراد پر مشتمل ٹیم کی وہ مسلسل رہنمائی کررہی ہے۔