ملک میں کورونا وائرس سے صحت اور انسانی مسائل کا شدید بحران: سونیا گاندھی

,

   

حکومت کوویڈ ۔19سے نمٹنے مؤثر اقدامات سے قاصر ۔ لاک ڈاؤن پر عمل آوری غیر منصوبہ بند

نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے اعلیٰ قائدین نے ملک میں کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے مرکز پر تنقید کی کہ لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے لئے غیر منصوبہ بند طریقہ سے کارروائی کی گئی۔ اُنھوں نے وائرس کی وباء سے درپیش چیالنجس سے نمٹنے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا بھی عہد کیا۔ سونیا گاندھی کے علاوہ اجلاس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، سابق صدر کانگریس راہول گاندھی اور دیگر قائدین بھی شریک تھے۔ کورونا وائرس کے تعلق سے کانگریس ورکنگ کمیٹی نے ویڈیو کانفرنس بھی منعقد کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ ملک کو کورونا وائرس کا سنگین سامنا ہے لیکن حکومت کے غیر منصوبہ بند اقدامات کی وجہ سے غیرمعمولی صحت اور انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔ بلاشبہ اِس وائرس سے ساری دنیا پریشان ہے لیکن یہ وقت مل جل کر کام کرنے کا ہے۔ بھائی چارہ کے ساتھ انسانی جذبہ کے مطابق ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے سامنے جو چیلنج کھڑا ہے وہ بہت خطرناک ہے لیکن ہمیں اِس چیلنج سے اُبھر کر نکلنا ضروری ہے۔ ہندوستان ایک غریب پرور ملک ہے یہاں پر نامساعد حالات بھی پائے جاتے ہیں۔ وباء سے نمٹنے کے دوران جن سنگینیوں کا سامنا ہے انھیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد ملک کے کونے کونے سے غریب مزدوروں کا پیدل سفر، بھوک اور پیاس کے ساتھ بچوں کے ہمراہ بلکتے ہوئے قافلوں کو دیکھ کر کلیجہ منہ کو آتا ہے۔ اُنھوں نے حکومت پر تنقید کی کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران اُس نے مزدوروں کو درپیش مسائل کا جائزہ نہیں لیا۔ غریب عوام مصائب کا شکار ہوکر پیدل چل پڑے۔ اُنھیں کھانا پانی بھی نصیب نہیں ہوا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 21 روز کا قومی لاک ڈاؤن ہوسکتا ہے ضروری تھا لیکن غیر منصوبہ بند طریقہ سے اِس لاک ڈاؤن کو روبہ عمل لایا گیا نتیجہ میں سارے ملک میں لاکھوں میگرینٹ ورکرس کی زندگی تکلیف دہ بن گئی۔ کانگریس صدر نے مزید کہاکہ کوویڈ ۔ 19 وائرس کے خلاف لڑائی کے لئے منظم اور منصوبہ بند طریقہ سے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمارے ڈاکٹرس، نرسیس اور ہیلت ورکرس کی ہرممکنہ مدد کی جانی چاہئے۔ اِن کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے انھیں تمام محفوظ آلات سے آراستہ کیا جانا ضروری ہے جن میں طبی سوٹس، N-95 مارکس کی فراہمی بیحد ضروری ہے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہاکہ کانگریس پارٹی اِس وباء سے پیدا شدہ چیلنج کے دوران قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ راہول گاندھی نے مرکز پر تنقید کی اور کہاکہ حکومت غریبوں خاص کر نقل مکانی کرنے والے ورکرس کی مدد کرنے میں ناکام رہی۔

حکومت پر سونیا گاندھی کی تنقید بدبختانہ : بی جے پی
نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے مرکزی حکومت پر صدر کانگریس سونیاگاندھی کی تنقید کو بدبختانہ قرار دیا۔ ملک میں کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے میں مرکزی حکومت کی کارکردگی کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ اِس بحران کے وقت میں سیاسی فائدہ اُٹھانا غیر ضروری ہے۔ مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنے فیصلوں میں ہر ایک کی رائے کو ملحوظ رکھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کے اقدامات اور قومی سطح پر لاک ڈاؤن کی ساری دنیا تعریف کررہی ہے۔