ملک میں ہلچل مگر میرا برقعہ موضوع بحث :خدیجہ رحمن

,

   

اسلامی پردہ پر تسلیمہ نسرین کی نکتہ چینی کے جواب میں اے آر رحمن کی بیٹی کا کرارا ردعمل

ممبئی ۔ /21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نامور موسیقار اور آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمن نومسلم ہیں ۔ انہوں نے اپنی پوری فیملی کے ساتھ اسلام قبول کیا ۔ ان کی بیٹیوں میں سے خدیجہ اسلامی طرز زندگی کو زیادہ پسند کرتی ہیں اور ان کا لباس بھی اسی کے مطابقت میں رہتا ہے ۔ تقریباً ایک سال قبل اسلام دشمن ذہنیت رکھنے والوں نے رحمن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ وہ اپنی فیملی کو قدامت پسندی میں رکھتے ہیں ۔ ناقدین کا اشارہ ان کی بیٹی خدیجہ کا پردہ میں رہنا ہے ۔ اب ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین نے اس موضوع کو پھر چھیڑ دیا اور کہا کہ خواتین کو اس طرح پردہ میں لپیٹ کر رکھنا انسانی حقوق کے مغائر ہے ۔ خدیجہ نے نسرین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے برقعہ کو اندرون ایک سال دوبارہ موضوع بحث بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ملک بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیرمسلم ابنائے وطن سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے معاملہ میں کس قدر پریشان ہے اور جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں ۔ ایسے ماحول میں بھی بعض لوگوں کو فضول موضوعات چھیڑنے کی عادت ہے ۔ میں زبردستی اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں کررہی ہوں ۔ پردہ اسلامی طرز زندگی کا بہت مناسب اور مصلحت آمیز جز ہے جو غیرمسلم افراد کی سمجھ میں نہیں آسکتا ۔