مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا گوا کا دورہ، مختلف تنظیموں سے ملاقات میں اشارے
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) ملک میں آئندہ انتخابات ’ایک ملک ایک انتخابات‘ ہوں گے!ملک بھر میں یکساں انتخابات سے متعلق بل کا جائزہ لے رہی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے اس بات کے اشارے دیئے ہیں کہ 2029 میں عام انتخابات کے ساتھ ہی تمام ریاستوں کے انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں ۔ گوا کا دورہ کررہی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں شامل اراکین پارلیمان و ذمہ داروں نے مختلف تنظیموں اور اداروں کے سربراہان و غیرسرکاری تنظیموں کے ذمہ داروں سے ملاقات کے دوران دیئے گئے اشاروں میں یہ بات کہی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک میں یکساں انتخابات کے ذریعہ ہندستان کی 7 لاکھ کروڑ کی معیشت کو محفوظ کیا جاسکتا ہے جو کہ مرحلہ وار اور مختلف تواریخ میں ہونے والے انتخابات کے سبب خرچ ہوتے ہیں۔ صدرنشین مشترکہ پارلیمانی کمیٹی مسٹر پی پی چودھری نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری کے لئے اب تک جن لوگوں سے ملاقاتیں کی گئی ہیں ان میں 99 فیصد تنظیموں اور اداروں کے ذمہ داروں نے تائید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں یکساں انتخابات کے سلسلہ میں پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے 129 ترمیمی بل پر سیول سوسائیٹی ‘ تعلیمی اداروں ‘ غیرسرکاری تنظیموں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کی رائے کے ساتھ ریاستی حکومتوں کی آراء حاصل کی جارہی ہے اور اب تک جتنے لوگوں سے ملاقات کی گئی ہے ان میں 99 فیصد ملاقات کرنے والوں نے ’یکساں انتخابات ‘ کی تائید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے گوا میں چیف منسٹر کے علاوہ ان کے کابینی رفقاء سے ملاقات کرتے ہوئے مسئلہ پر ان کی رائے حاصل کرنے کے علاوہ اس دستوری ترمیم کو تمام کے لئے قابل قبول بنانے کے سلسلہ میں اقدامات سے متعلق مشاورت کی گئی۔ کمیٹی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی ONOE کے معاملہ میں محض یکساں انتخابات کو یقینی بنانے کے حق میں نہیں ہے بلکہ اس عمل کو تمام سیاسی جماعتوں اور متفکر شہریوں کے لئے قابل قبول بنانے کے سلسلہ میں بھی مشاورت کرتے ہوئے انہیں حاصل ہونے والی تجاویز حکومت کو پیش کی جائیں گی۔ بتایاجاتاہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے تاحال جن ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے سرکردہ افراد‘ غیرسرکاری تنظیموں کے ذمہ داروں ‘ ارباب حکومت سے ملاقات کی ہے ان میں گجرات ‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا‘ ہماچل پردیش‘ اترکھنڈ ‘ پنجاب ‘ ہریانہ کے علاوہ دہلی شامل ہیں اور آئندہ چند ماہ کے دوران ریاست کی دیگر ریاستوں کا مشترکہ پارلیمانی کمیٹی دورہ کرتے ہوئے رائے حاصل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کوند کی نگرانی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات اور اس کے اہم نکات کی بنیاد پر تیار کی گئی 129ویں دستوری ترمیم کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کو جلد مکمل کرتے ہوئے جامع رپورٹ تیار کی جائے گی اور حکومت کو پیش کرتے ہوئے اس فیصلہ کے متعلق عوامی رائے سے واقف کروایا جائے گا۔H/3