ملک پیٹ میں مجلس کو کانگریس امیدوار سے سخت مقابلہ درپیش

   

شیخ اکبر کی پد یاترا میں جوش و خروش، عوام کی خدمت کا بھروسہ دلایا
حیدرآباد ۔16۔نومبر (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کا ملک پیٹ حلقہ کیا اس مرتبہ تبدیلی کا مرکز ثابت ہوگا ؟ گزشتہ تین انتخابات سے کمزور اپوزیشن کے نتیجہ میں کامیابی اختیار کرنے والی مجلس کو اس مرتبہ غیر متوقع طور پر کانگریس سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ کانگریس نے مجلس کے دولتمند امیدوار کے مقابلہ ایک تاجر شیخ اکبر کو میدان میں اتارا ہے جو نہ صرف غریبوں کی خدمت کا ریکارڈ رکھتے ہیں بلکہ سیاسی میدان میں قدم رکھتے ہوئے عوامی خدمات کو توسیع دینا چاہتے ہیں۔ ملک پیٹ میں اقلیتی رائے دہندوں کا فیصد تقریباً 50 ہے اور کانگریس امیدوار شیخ اکبر کم وقفہ میں اقلیتی رائے دہندوں میں مقبولیت حاصل کرچکے ہیں۔ کانگریسی امیدوار نے آج حلقہ کے کئی علاقوں میں پد یاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کی اور انہیں ترقیاتی اور فلاح و بہبود کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر علاقہ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔ حکومت کی جانب سے ملک پیٹ میں آئی ٹی ٹاور کے منصوبہ کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس نے ہمیشہ ملک پیٹ کے رائے دہندوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ شیخ اکبر کو ملک پیٹ میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی تائید حاصل ہے اور ریاستی سکریٹری سید عزیز پاشاہ انتخابی مہم میں شریک ہیں۔ ملک پیٹ میں کانگریس سے وابستہ سینئر قائدین نے شیخ اکبر کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے ۔ تلگو دیشم سے وابستہ کئی قائدین کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں۔ اسی دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ اکبر نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ وہ علاقہ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں کوئی کثر باقی نہیں رکھیں گے۔