ملک پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل پر دھرنا، کانگریس قائدین گرفتار

   

خاطی ڈاکٹرس کی معطلی اور ایک کروڑ روپئے معاوضہ کا مطالبہ
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے قائدین کو پولیس نے آج اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ملک پیٹ گورنمنٹ ہاسپٹل میں دو خواتین کی موت کے خلاف دھرنا دے رہے تھے۔ صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کی قیادت میں جنرل سکریٹری پردیش کانگریس بی کشن ، مجیب اللہ ایڈوکیٹ انچارج چارمینار ، شیخ ارشد صدر میناریٹیز ڈپارٹمنٹ حیدرآباد ، اشفاق خاں نائب صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ ، اسلم شریف ، کے سرینواس ، کے کرشنا ، ایم مہیش اور دوسروں نے دھرنا منظم کرتے ہوئے خاطی ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاجی کانگریس قائدین کو حراست میں لے کر ملک پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے تمام بلدی ڈیویژنس اور بلاک کمیٹیوں کے قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ تلنگانہ میں سرکاری دواخانوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ حکومت کارپوریٹ دواخانوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے شہر کے اطراف چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کا اعلان کیا لیکن قلب شہر ملک پیٹ میں واقع گورنمنٹ ہاسپٹل میں بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس کی لاپرواہی کے نتیجہ میں علاج کے دوران دو خواتین کی موت واقع ہوگئی۔ سمیر ولی اللہ نے ڈاکٹرس کو فوری معطل کرنے اور اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی خواتین کے پسماندگان کو فی کس ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیا اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔ کانگرس پارٹی اپنے مطالبات کے لئے وزیر صحت ہریش راؤ سے نمائندگی کرے گی۔ر