ملک کا ہر نوجوان جانتا ہے کہ بی جے پی روزگار نہیں دے سکتی :پرینکا

   

نئی دہلی: کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کے روز بے روزگاری کے مسئلہ پر مرکز پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کا ہرنوجوان سمجھ گیا ہے کہ بی جے پی اسے روزگار فراہم نہیں کر سکتی جبکہ کانگریس پارٹی کے پاس نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا ٹھوس منصوبہ ہے ۔کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر کانگریس آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اقتدار میں آتی ہے تو سرکاری ملازمتوں کے 30 لاکھ خالی عہدوں کو پُر کیا جائے گا اور امتحانات میں دھوکہ دہی کو روکنے کے لیے سخت قانون بنائے جائیں گے ۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں محترمہ واڈرا نے آج کہا کہ کانگریس حکومت روزگار انقلاب کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ وہ مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کل بے روزگار افراد میں سے 83 فیصد نوجوان ہیں۔ سال 2000میں کل بے روزگاروں میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حصہ داری35.2 فیصد تھی جو 2022 میں تقریباً دوگنا ہو کر 65.7 فیصد ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے چیف اقتصادی مشیر کہہ رہے ہیں کہ حکومت بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی۔ بے روزگاری یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کی سچائی ہے ۔ آج ملک کا ہر نوجوان سمجھ گیا ہے کہ بی جے پی روزگار نہیں دے سکتی۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ٹھوس منصوبہ ہے ۔ 30 لاکھ خالی سرکاری اسامیاں فوری طور پر پُر کی جائیں گی اور ہر گریجویٹ اور ڈپلومہ ہولڈر کو ایک لاکھ روپے سالانہ کی اپرنٹس شپ دی جائے گی۔ پیپر لیک کے خلاف نیا سخت قانون ہوگا اورفری لانس کام کرنے والے ورکروں کو سماجی تحفظ کی گارنٹی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ اسٹارٹ اپس کے لیے 5000 کروڑ روپے کا قومی فنڈ بنایا جائے گا۔