گجرات میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول، کرناٹک سی پی آئی اجلاس سے عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔/15 جنوری ، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور جی ڈی پی کی شرح اب تک کی سب سے کم درج کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی ابتر صورتحال کے نتیجہ میں ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور روپیہ کی قدر ڈالر کے مقابلہ کافی گھٹ چکی ہے۔ مودی حکومت کو فرقہ وارانہ ایجنڈہ سے توجہ ہٹاکر ملک کو معاشی بحران سے باہر نکالنے پر توجہ دینی چاہیئے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ بیروزگاری کی شرح ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ درج ہوئی ہے۔ عزیز پاشاہ کرناٹک اسٹیٹ کونسل سی پی آئی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی شہری گجرات میں اراضی خرید سکتا ہے لیکن مسلمانوں کو اراضی خریدنے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ صورتحال جمہوریت اور سیکولرازم پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا ماحول عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمت عالمی مارکٹ میں 76.3 ڈالر فی بیارل ہے جو انتہائی کم قیمت ہے لیکن دہلی میں ایک لیٹر پٹرول 94.77 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ 26 مئی 2014 کو نریندر مودی نے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا اس وقت دہلی میں پٹرول 71.41 روپئے فی لیٹر تھا جبکہ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیارل تھی۔ خام تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود پٹرول کی قیمت میں کمی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 60 روپئے فی بیارل سے خام تیل روس سے خرید رہا ہے لیکن ملک میں مہنگائی سے کوئی راحت نہیں ملی ہے۔ عزیز پاشاہ نے وقف ترمیمی بل اور ون نیشن ون الیکشن بل کی مخالفت کی اور کہا کہ ملک بھر میں عوام اس کے مخالف ہیں۔ آل انڈیا کسان سبھا کے لیڈر سدن گوڑا پاٹل نے کسانوں کے مسائل کی عدم یکسوئی پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کرناٹک سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری ایس سندریش کے علاوہ اسسٹنٹ سکریٹری امجد اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ کامریڈ ویرنا نے اجلاس کی صدارت کی۔1