اکٹوبر 2026 تک عمل مکمل کرنے کا نشانہ ۔ تمام سیاسی جماعتوں اور ووٹرس سے تعاون کرنے الیکشن کمیشن کی اپیل
نئی دہلی 14 مئی: (ایجنسیز) الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی (SIR) کے تیسرے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت دہلی، پنجاب اور مہاراشٹر سمیت 16 ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظرثانی کی جائے گی۔ کمیشن کے مطابق ان تمام ریاستوں میں کی حتمی ووٹر فہرست 7 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔ کمیشن نے بتایا کہ تیسرے مرحلے کی تکمیل کے بعد ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کو چھوڑ کر تقریباً پورے ملک میں ایس آئی آر کا عمل مکمل ہو جائیگا۔ ان تینوں علاقوں کیلئے شیڈول موسمی حالات و برفباری کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں اوڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، دمن و دیو، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ، تلنگانہ، پنجاب، کرناٹک، میگھالیہ، مہاراشٹر، جھارکھنڈ، دہلی، ناگالینڈ اور تریپورہ شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق 30 مئی سے 14 اکتوبر کے درمیان بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جا کر سروے کریں گے، جبکہ ووٹر لسٹ کا مسودہ 5 جولائی سے 21 اکتوبر کے درمیان جاری کیا جائے گا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر ایک شراکتی عمل ہے، جس میں سیاسی جماعتوں، انتخابی عہدیداروں اور ووٹروں کی فعال شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ کمیشن نے تمام جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) مقرر کریں، تاکہ ایس آئی آر کا عمل مکمل شفافیت اور سیاسی جماعتوں کی موثر شمولیت کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔ کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں 3.94 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول آفیسرز گھر گھر جا کر تقریباً 36.73 کروڑ ووٹروں سے رابطہ کرینگے۔ اس مہم کا مقصد ووٹر فہرستوں کو شفاف اور درست بنانا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ پہلے دو مراحل میں 13 ریاستوں و مرکزی زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا گیا تھا، جن میں تقریباً 59 کروڑ ووٹر شامل تھے۔ اس عمل میں 6.3 لاکھ سے زیادہ بوتھ لیول آفیسرز نے حصہ لیا، جبکہ سیاسی جماعتوں سے مقرر کردہ 9.2 لاکھ سے زائد بوتھ لیول ایجنٹس بھی مختلف مراحل میں شامل رہے۔ ایس آئی آر کے پہلے مرحلے میں بہار میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی جانچ کی گئی تھی۔ جون سے ستمبر 2025 کے درمیان تقریباً 47 لاکھ ووٹروں کے نام انتخابی فہرستوں سے ہٹا دیے گئے، جو مجموعی ووٹروں کا تقریباً 5 سے 6 فیصد بنتے ہیں۔ دوسرا مرحلہ 27 اکتوبر 2025 کو شروع کیا گیا تھا، جس میں اتر پردیش اور مغربی بنگال سمیت نو ریاستوں اور تین مرکز کے زیر انتظام علاقوں کا احاطہ کیا گیا۔